پاکستان کی سعودی عرب سے آئل فیسیلیٹی کے تحت فوری رقم جاری کرنے کی درخواست

وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق: ’وزیر خزانہ نے سعودی آئل فیسیلیٹی کے تحت تیل کی فوری ترسیل کے لیے رقم کی فراہمی کی درخواست کی۔‘

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سربراہ سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد کی 23 اپریل کو واشنگٹن میں ملاقات ہوئی (@PakinUSA/X)

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی)  کے سربراہ سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد سے ملاقات میں سعودی آئل فیسیلیٹی کے تحت تیل کی ترسیل کے لیے فوری طور پر رقم فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

سرکاری چینل پی ٹی وی نیوز کے مطابق یہ ملاقات واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سپرنگ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

سعودی آئل فیسیلیٹی پر رواں سال کے آغاز میں اتفاق ہوا تھا جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر تک تیل کی درآمدات کی ادائیگی مؤخر کرنے کی اجازت ملتی ہے جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ ترقی پذیر ممالک کو نرم شرائط پر قرضے اور امداد فراہم کرتا ہے اور پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے منصوبوں کا طویل عرصے سے مالی معاون رہا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق: ’وزیر خزانہ نے سعودی آئل فیسیلیٹی کے تحت تیل کی فوری ترسیل کے لیے رقم کی فراہمی کی درخواست کی۔‘

محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور اس ضمن میں انہوں نے حال ہی میں موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو منفی بی سے مستحکم قرار دیے جانے کا حوالہ بھی دیا۔

اکتوبر 2024 کے آغاز میں سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 2.2 ارب ڈالر مالیت کی 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رواں ماہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ ریاض کے دوران ان معاہدوں کی تعداد اور مالیت میں اضافہ ہوا اور ان کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی جن کی کل متوقع سرمایہ کاری 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

دسمبر تک ان میں سے سات ایم او یوز کو باقاعدہ معاہدوں میں تبدیل کر دیا گیا جن کی مجموعی مالیت 56 کروڑ ڈالر تھی جب کہ ان میں سے کئی منصوبوں پر حکومتی اور نجی سطح پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔

ایس ایف ڈی کے اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات کے دوران پاکستانی وزیر خزانہ نے فروری میں سعودی عرب میں ہونے والی العلا کانفرنس میں اپنی شرکت کا ذکر کیا، جہاں انہوں نے سعودی وزیر خزانہ سمیت اعلیٰ سعودی حکام سے معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران اورنگزیب نے پاکستان میں ایس ایف ڈی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان پر عمل درآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے قومی شاہراہ این 25 کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کے لیے بھی ایس ایف ڈی کی مالی معاونت کی درخواست کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت