سعودی فنڈ کی پاکستانی توانائی منصوبے کے لیے 24 کروڑ ڈالر کی معاونت

سعودی فنڈ برائے ترقی پاکستان میں بجلی کی فراہمی میں مدد کے لیے مہمند ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم پروجیکٹ کو 24 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی معاونت فراہم کرے گا۔

سعودی فنڈ برائے ترقی اور وزارت اقتصادی امور پاکستان میں مہمند ڈیم منصوبے کے معاہدے پر سات اپریل، 2023 کو دستخط (تصویر سعودی فنڈ برائے ترقی)

سعودی فنڈ برائے ترقی پاکستان میں بجلی کی فراہمی میں مدد کے لیے مہمند ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم پروجیکٹ کو 24 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی معاونت فراہم کرے گا۔

سعودی فنڈ برائے ترقی نے جمعے کو مہمند ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم منصوبے کی مالی معاونت کے لیے 24 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ 

یہ منصوبہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت اور انسانی استعمال کے لیے تسلسل سے پانی کی فراہمی میں اضافے اور سیلاب کے خطرات کو کم کرنے میں کردار ادا کرے گا۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور دونوں اطراف کے مختلف عہدے داران کی موجودگی میں فیڈرل سیکریٹری برائے وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 

قرض کی یہ رقم دیرپا ترقی اور متعلقہ اہداف کے حصول کے لیے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مستحکم  اشتراک کا ثبوت ہے۔

مہمند ہائیڈروڈیم کا منصوبہ پاکستان میں پانی کی فراہمی اور غذائی تحفظ میں اضافہ کرے گا اور خیبر پختونخواہ میں رہنے والوں کا معیار زندگی بہتر کرے گا جہاں کی  80  فیصد سے زائد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے۔

اس منصوبے کے باعث روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے، غربت میں کمی آئے گی  جس کی بدولت خطے کی سماجی اقتصادی ترقی ہوگی۔

اس منصوبے کی فنانسنگ کے ذریعے سعودی فنڈ برائے ترقی پاکستان کی صاف اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا چاہتا ہے، جس سے بجلی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر 800 میگاواٹ پیدا کرنے کے علاوہ 6.1 ملین کیوبک میٹر پانی کو ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔

زراعت اور انسانی استعمال کے لیے پانی کے پائیدار ذرائع فراہم کرنے کا یہ منصوبہ پانی اور خوراک کی حفاظت کو بہتر بنانے، 6,773 ہیکٹر سے زائد نئی زرعی اراضی کو سیراب کرنے اور موجودہ کاشت شدہ رقبہ 1,517 ہیکٹر سے بڑھا کر 9,227  ہیکٹر کرنے کے علاوہ خطے میں سیلاب کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

فنڈ کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمن المرشد کا کہنا تھا کہ ’یہ پراجیکٹ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے سعودی فنڈ برائے ترقی کے ذریعے اپنے آغاز سے لے کر اب تک اہم اور اقتصادی منصوبوں کی مالی معاونت کی توسیع ہے جس کا مقصد سماجی، اقتصادی خوشحالی اور برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ترقی کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے۔ جس کے تقریباً 41 منصوبے اور ترقیاتی پروگرام ہیں، جن کا تخمینہ 1.4 بلین ڈالر ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی فنڈ برائے ترقی  2019 سے  2023 کے درمیان پاکستانی معیشت کی معاونت کے لیے توانائی کے منصوبوں میں 5.4 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی رقم فراہم کر چکا ہے۔

یہ تعاون سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے برادر ملک پاکستان کی معیشت کو دیرپا بنیادوں پر مستحکم کرنے کی کاوش کا تسلسل ہے۔

اس موقعے پر ڈاکٹر کاظم نیاز نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے پاکستان میں مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون کرنے اور اس اہم منصوبے کی مالی اعانت میں تعاون کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور منصوبے کی اہمیت اور اس کے اثرات کو بیان کیا۔

افریقی اور ایشیائی ممالک کی سطح پر توانائی کے شعبے میں سعودی فنڈ برائے ترقی 1975 میں اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کے آغاز سے لے کر اب تک توانائی کے شعبے میں 76 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں میں مالی معاونت فراہم کر چکا ہے جن میں سے 33 منصوبے اور پروگرام افریقی ممالک میں تھے، 42 ایشیائی ممالک میں جبکہ ایک منصوبہ لاطینی امریکہ میں تھا۔

سعودی ترقیاتی فنڈ دنیا بھر کے 23 ترقی پذیر ممالک میں قابل تجدید توانائی کے 35 منصوبوں کو معاونت فراہم کر چکا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت