پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کا دوبارہ آغاز آج (ہفتہ) کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ سے ہو چکا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے نو مئی کو پی ایس ایل کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ وہ کشیدگی دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی صورت اختیار کر گئی تھی۔
پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کردیا گیا تھا اور آج اسی میچ کے لیے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا رُخ کیا۔
میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں فیملیز بھی راولپنڈی سٹیڈیم آئیں جن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل دوبارہ شروع ہونے پر بہت خوشی ہوئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی ایس ایل کا میچ دیکھنے کے لیے آئے ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ ’خوشی ہے کہ پی ایس ایل دبئی میں نہیں پاکستان میں دوبارہ شروع ہوا اور جذبہ اور بھی زیادہ ہے کہ جہاں پر انڈیا نے حملہ کیا تھا وہاں سے ہی شروع ہوا۔‘
نوجوان کا اشارہ آٹھ مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے ملحقہ فوڈ سٹریٹ پر گرنے والے انڈین ڈرون کی طرف تھا جس سے چند دکانوں کو نقصان پہنچا تھا۔
خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کے لیے غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہ ہوں مگر اس کے بر عکس زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑی بقیہ میچوں کے لیے اپنی ٹیموں میں شامل ہو چکے ہیں۔
آج بھی کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر، انگلینڈ کے جیمز ونس اور افغانستان کے محمد نبی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
اسی طرح پشاور زلمی میں کوہلر کیڈمور، میکس برائنٹ اور لیوک ووڈ ٹیم کا حصہ ہیں۔
پی ایس ایل کے بقیہ گروپ میچ راولپنڈی سٹیڈیم جبکہ پلے آف مرحلے کے میچ لاہور میں قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے اور فائنل بھی 25 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا تھا کہ کرکٹ شائقین نے جو ٹکٹ خریدے تھے انہیں ٹکٹوں پر میچ دیکھ سکیں گے۔
آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران پی سی بی کی جانب سے میوزک اور آتش بازی کا بھی انتظام کیا ہے۔
دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی آٹھ مئی کو ملتوی کیا گیا تھا جس کا آغاز بھی آج ہو رہا ہے۔
قامي شهیدانو او اتلانو لپاره د پيښور زلمي عقیدت،پيښور زلمي لوبغاړو نن پر بدن شین لباس په تن کړی
— Zalmi TV پښتو (@ZalmiTVPashto) May 17, 2025
Peshawar Zalmi Players Pay Tribute to a National Heroes and Shuhada #PeshawarZalmi #PSLX #GreenShirts #ZalmiTvPashto pic.twitter.com/JZJ7PA2q7s
ٹیم پشاور زلمی کی طرف سے افواج پاکستان اور قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیشں کرنے کے لیے ایکس پر یہ ویڈیو پیغام جاری کیا گیا۔