چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بدھ کو بیجنگ میں ایک پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی بہتری اور ترقی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی حکومت اور افغان عبوری حکومت نے حال ہی میں اپنے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک لانے کا اعلان کیا ہے اور چین اس پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق: ’چین سمجھتا ہے کہ سفیر تعینات کرنے کا یہ اقدام دونوں ممالک کو باہمی اعتماد بڑھانے، تعاون مضبوط کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’یہ ایک اہم اور مثبت قدم ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان اس سال مئی میں ہونے والے چین افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے غیر رسمی اجلاس کے نتائج پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی بہتری اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔‘
لین جیان کے بقول: ’ہم پاکستان، افغانستان اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو برقرار رکھنے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیر کے لیے بھی تیار ہیں۔‘
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کے عہدے کو بڑھا کر سفیر کے درجے پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابل میں پاکستان کے موجودہ ناظم الامور (Chargé d'Affaires) عبیدالرحمٰن نظامانی 2022 کے اواخر میں منصور احمد خان کی جگہ اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔