مسکراہٹ مہنگے بوٹاکس سے زیادہ پرکشش ہے: تحقیق

محققین نے دریافت کیا ہے کہ اگر مقصد صرف پرکشش نظر آنا ہو تو مسکراہٹ ایک نہایت سستا اور مؤثر طریقہ ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بوٹاکس اور ڈرمل فلرز جیسے انجیکٹ ایبل علاج شرکا کی ظاہری کشش کو صرف 0.07 پوائنٹس بہتر بناتے ہیں (Mailai/Pixabay)

بوٹاکس عام طور پر جھریوں سے پاک، ہموار جلد اور چہرے کی تروتازگی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن محققین نے دریافت کیا ہے کہ اگر مقصد صرف پرکشش نظر آنا ہو تو ایک نہایت سستا اور مؤثر طریقہ موجود ہے: سادہ مسکراہٹ۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بوٹاکس اور ڈرمل فلرز جیسے انجیکٹ ایبل علاج لوگوں کی ظاہری کشش کو صرف 0.07 پوائنٹس (سات نکاتی پیمانے پر) بہتر بناتے ہیں۔

یعنی اگر کوئی شخص علاج سے پہلے سات میں سے چار نمبر پر پرکشش سمجھا جا رہا تھا تو علاج کے بعد وہ 4.07 پر آ جائے گا۔

تاہم، کچھ اور نہایت آسان طریقے، جن میں کوئی انجیکشن شامل نہیں، اس سے کہیں زیادہ بہتر نتائج دیتے ہیں۔

صرف مسکرانا — بغیر کسی تاثرات کے بیٹھنے کی بجائے — ظاہری کشش میں 0.4 پوائنٹس کا اضافہ کرتا ہے، جو بوٹاکس کے اثرات سے چھ گنا زیادہ ہے۔

اسی طرح میک اپ نے کشش میں تقریباً 0.6 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ بوٹاکس دراصل بوٹولینم ٹاکسن کا برانڈ نام ہے، جو ایک انجیکشن کے ذریعے دی جانے والی دوا ہے۔

یہ عارضی طور پر پٹھوں تک اعصابی سگنلز روک دیتی ہے، جس سے عارضی طور پر پٹھوں کی حرکت رک جاتی ہے اور نتیجتاً چہرے کی جھریاں سیدھی ہو جاتی ہیں۔

تاہم اس علاج کی قیمت تقریباً 300 پاؤنڈز (پاکستانی روپے میں لگ بھگ ایک لاکھ روپے سے زائد) سے شروع ہوتی ہے جبکہ میک اپ کہیں زیادہ سستا اور مؤثر متبادل ثابت ہوتا ہے۔

یہ مطالعہ نیدرلینڈز میں محققین نے کیا اور اسے پرسیپشن نامی جریدے میں شائع کیا گیا۔ تحقیق میں 114 افراد کو شامل کیا گیا جنہوں نے بوٹاکس اور فلر کے علاج کروائے اور 3,000 سے زائد ججوں نے ’پہلے‘ اور ’بعد‘ کی تصاویر دیکھ کر شرکا کی ظاہری تبدیلیوں کو نمبر دیے۔

انہوں نے صرف ظاہری شکل کی بنیاد پر لوگوں کی کشش کے ساتھ ساتھ دیگر خصوصیات کا بھی اندازہ لگایا، جیسے کہ وہ کتنے ذہین، پرکشش، صحت مند، دوستانہ یا قابلِ اعتماد نظر آتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگرچہ بوٹاکس سے کسی فرد کی ظاہری ذہانت یا صحت کے تاثر میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، لیکن اس سے لوگوں کو زیادہ جوان دکھائی دینے میں 0.13 پوائنٹس کا اضافہ ضرور ہوا۔

اسی طرح بوٹاکس نے عارضی رومانی تعلق کے لیے کسی کی کشش میں 0.09 پوائنٹس کا معمولی مگر شماریاتی طور پر اہم اضافہ کیا۔

دوستانہ پسندیدگی میں بھی بوٹاکس نے 0.09 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔

لیکن جب یہ دیکھا گیا کہ لوگ طویل المدتی رومانوی ساتھی کے طور پر کتنا پسند کیے گئے، تو اس میں کوئی شماریاتی طور پر نمایاں بہتری نظر نہیں آئی۔

تحقیق کے مصنفین نے کہا: ہمارے نتائج بتاتے ہیں کہ چہرے کی جمالیاتی بہتری کا ایک ہلکا پھلکا سیشن کشش سے متعلق تاثرات کو قدرے بہتر بناتا ہے، لیکن یہ اثرات نسبتاً معمولی ہوتے ہیں۔‘

تاہم، محققین نے یہ بھی کہا کہ لوگ ایسے علاج جیسے کہ بوٹاکس کا انتخاب ’اپنی خود قدری، اعتماد، اور خوشی‘ برھانے کے لیے کرتے ہیں — نہ کہ صرف اپنی ظاہری کشش بڑھانے کے لیے۔
 
ٹیلبورگ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے اور تحقیق کے سربراہ باسٹین جےگر نے اخبار ٹائمز کو بتایا: ’یہ قابل فہم ہے کہ لوگ سماجی طور پر زیادہ کامیابی حاصل کرتے ہیں، اس لیے نہیں کہ وہ مختلف نظر آتے ہیں اور لوگ ان کے ساتھ مختلف سلوک کرتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ بہتر نظر آ رہے ہیں، اور وہ دوسروں کے ساتھ زیادہ اعتماد کے ساتھ پیش آتے ہیں — جیسے کہ ایک خود کو سچ ثابت کرنے والی پیش گوئی ہو۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت