پاکستان سمیت دنیا بھر میں میں عیدالاضحیٰ آج (یعنی 7 جون بروز ہفتہ) پورے مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے لیکن انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مرکزی جامع مسجد میں ساتویں سال بھی نماز ادا نہیں ہو سکی ہے۔
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند گروپوں کے اتحاد حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے ہفتے کو ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مسلسل ساتویں سال جامع مسجد میں عید کی نماز ادا نہیں ہو سکی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے عید مبارک کہتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر ایک بار پھر اس افسوسناک حقیقت سے بیدار ہو رہا ہے: عیدگاہ میں عید کی نماز ادا نہیں کی گئی اور جامع مسجد کو مسلسل ساتویں سال لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ مجھے بھی میرے گھر میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
’ایک مسلم اکثریتی خطے میں، مسلمانوں کو نماز پڑھنے کے بنیادی حق سے محروم رکھا جاتا ہے - یہاں تک کہ دنیا بھر میں منائے جانے والے ان کے سب سے اہم مذہبی موقع پر بھی! ان لوگوں کے لیے کتنی شرم کی بات ہے جو ہم پر حکومت کرتے ہیں، اور ان لوگوں کے منتخب کردہ لوگوں کے لیے جو خاموش رہنے کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ ہمارے حقوق کو بار بار پامال کیا جاتا ہے۔‘
Eid Mubarak! Yet again, Kashmir wakes up to the sad reality: no Eid prayers at Eidgah, and Jama Masjid locked down — for the 7th straight year. I too have been detained at my home.
— Mirwaiz Umar Farooq (@MirwaizKashmir) June 7, 2025
In a Muslim-majority region, Muslims are deprived of their fundamental right to pray — even on… pic.twitter.com/DFM1y0t9ce
سری نگر کی جامع مسجد اور عیدگاہ طویل عرصے سے نماز اور مذہبی اجتماعات کے لیے مرکزی مقام رہا ہے۔ یہ پابندی 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے وقت سے نافذ ہے۔
بہت سے مبصرین کی نظر میں عید کے دوران ان عبادت گاہوں تک رسائی کو روکنا اگرچہ ایک حفاظتی اقدام ہے لیکن کشمیر کی مسلم اکثریت کی مذہبی شناخت اور رسم و رواج پر ہدف بنا کر پابندی ہے۔
ادھر پاکستان میں ہفتے کی صبح ملک کے طول و عرض میں چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔
فیصل آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصحی رانا ثنا اللہ نے عید کے موقع پر حزب اختلاف خصوصا پاکستان تحریک انصاف کو بامعنی مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات 24 کروڑ عوام کی خوشحالی کے لیے ہونے چاہییے نہ کہ کسی فرد واحد کے لیے۔
’آئیں ایک متفق الیکشن کمیشن اور دیگر مسائل کے حل کر لیے مل کر بیٹھتے ہیں۔‘
نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دے رہے ہیں۔
نماز عید کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام
صدر مملکت آصف زرداری نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے رویّوں میں قربانی، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ ’ہمیں بطورقوم ایک دوسرے کا سہارا بن کرپاکستان کو ایک عظیم اورخوشحال ملک بنانا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے،قربانی اور اتحاد کے جذبے کی ضرورت ہے۔ ’قربانی کا جذبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔بھارتی حملے پر قوم کا اتحاد دشمن کے لیے واضح پیغام تھا،عید کی خوشیوں میں فلسطینی بھائیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہ بھولیں۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد
فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،ائیر چیف،نیول چیف نے بھی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبار ک باد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل استقامت کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، تمام بہادر افراد،افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنےوالےاداروں اور جری شہریوں کی قربانیوں کوقدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں۔عیدالاضحیٰ قربانی،اتحاد اور غور و فکرکامقدس موقع ہے۔ اللہ کرے یہ بابرکت موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دے اور اس ملی یکجہتی کو مضبوط کرے۔