پاکستان اور امریکہ نے تجارتی مذاکرات آئندہ ہفتے مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستانی وزارت خزانہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات پر اتفاق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک کے درمیان باہمی ٹیرفس سے متعلق ورچوئل اجلاس کے دوران کیا گیا۔
بیان کے مطابق میٹنگ میں فریقین نے جاری مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ’فریقین نے تجارتی مذاکرات کو آئندہ ہفتے تک خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔‘
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق تجارتی معاہدے کے بعد باہمی مفادات پر مبنی ایک جامع شراکت داری تشکیل دی جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
’یہ شراکت داری اسٹریٹجک اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرے گی۔ دونوں ممالک کے لیے یکساں فوائد کے حصول کے لیے گفتگو کا محور تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی روابط کو مزید گہرا اور مؤثر بنانے پر تھا۔‘
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ کے ساتھ بڑے تجارتی سرپلس والے ممالک سے متعلق اقدامات کے تحت پاکستان کی امریکہ کو برآمدات پر 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 2024 میں پاکستان کا امریکہ کے ساتھ تجارتی سرپلس تقریباً تین ارب ڈالر تھا۔
ٹیرف کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے، اسلام آباد نے خام تیل سمیت مزید امریکی اشیا درآمد کرنے اور پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کے لیے رعایتوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع کھولنے کی پیشکش کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رواں ہفتے کے اوائل میں، دونوں ممالک نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے والے ایک ویبینار کی مشترکہ میزبانی کی، جس میں سات ارب ڈالر کا ریکوڈک کاپر گولڈ پروجیکٹ بھی شامل ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی میزبانی کی تھی جس میں دیگر امور کے علاوہ تجارت پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو اپریل کو پاکستان سمیت متعدد ممالک پر جوابی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پر 29 فیصد جوابی محصول لگانے جا رہے ہیں کیوں کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ پر 58 فیصد ٹیرف عائد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کے ساتھ اس حوالے سے مذاکرات کے لیے وفد کی تشکیل دے چکے ہیں۔
امریکہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اپریل میں امریکہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینیئر بیورو آفیشل (ایس بی او) ایرک میئر سے اسلام آباد میں ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاری کے فروغ سمیت دو طرفہ امور پر بات کی۔
ایرک میئر کی قیادت میں امریکی وفد نے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کی تھی۔