انڈین وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کا ماننا ہے کہ جسپریت بمراہ کے خلاف بیٹنگ کرنا جتنا مشکل ہے، اس سے زیادہ مشکل ان کی گیندوں پر وکٹ کیپنگ کرنا ہے۔
بمراہ، جو گذشتہ ہفتے ایجبسٹن میں انڈیا کی 336 رنز کی زبردست فتح کے دوران آرام پر تھے، جمعرات کو لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
چھوٹے رن اپ سے تیز رفتاری پیدا کرنے کی صلاحیت کے ساتھ، بمراہ کا منفرد بولنگ ایکشن انہیں گیند کو آخری لمحات میں موڑنے کے قابل بھی بناتا ہے، اور انگلش کنڈیشنز میں، جہاں گیند بلے سے گزرنے کے بعد بھی خاصی حرکت کرتی ہے، بمراہ کی مہارت وکٹ کیپر پنت کے لیے مشکل بنا دیتی ہے — خاص طور پر لارڈز میں، جہاں میدان پر تقریباً آٹھ فٹ (2.5 میٹر) کی ڈھلوان ہے۔
بمراہ اب تک 46 ٹیسٹ میچوں میں 210 وکٹیں لے چکے ہیں، وہ بھی 20 سے کم کی اوسط سے، جو انہیں کرکٹ کے بڑے فاسٹ بولرز کی صف میں لے آتی ہیں۔
لارڈز میں بدھ کو پری میچ پریس کانفرنس کے دوران جب پنت سے پوچھا گیا کہ بمراہ میں کیا خاص ہے، تو انہوں نے جواب دیا: ’میں سمجھتا ہوں سب کچھ۔ ان کی درستگی، ان کا دماغ جس طرح کام کرتا ہے، سب کچھ حیرت انگیز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میرے خیال میں وکٹ کیپر کے لیے ان کے پیچھے وکٹ پر کھڑا ہونا، بلے باز سے زیادہ مشکل ہے، خاص طور پر انگلینڈ میں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب انگلینڈ نے تیز گیند باز جوفرا آرچر کو ٹیم میں شامل کیا ہے تاکہ انڈیا کی رفتار کو روکا جا سکے، جس نے ابتدائی دو ٹیسٹ میں سات سنچریاں سکور کی ہیں، جن میں سے تین شبھمن گل کے نام ہیں۔
ایجبسٹن میں گل کی 269 اور 161 رنز کی شاندار اننگز انڈیا کی بیرونِ ملک رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی ٹیسٹ فتح کی بنیاد بنی۔
تاہم پنت کی ہمیشہ کی طرح جارحانہ دوسری اننگز میں 65 رنز کی اننگز نے میچ کو انگلینڈ کی پہنچ سے باہر کر دیا۔ اس سے پہلے وہ ہیڈنگلے میں سیریز کے افتتاحی میچ میں انڈیا کی پانچ وکٹ سے شکست کے دوران ٹیسٹ تاریخ میں دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے دوسرے وکٹ کیپر بنے۔
پنت نے کہا: ’جب میں بیٹنگ کر رہا ہوتا ہوں تو میں کوشش کرتا ہوں کہ میرا ذہن بالکل صاف ہو۔ ہر گیند کو الگ سے کھیلنے کی سوچ نے میری بہت مدد کی ہے۔ مجھے اندازہ ہوتا ہے کہ دوسری ٹیم کیا چاہتی ہے کہ میں کیا کروں... آپ کو اپنی منصوبہ بندی خود کرنی ہوتی ہے اور صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی ہوتی ہے۔‘