پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 16 سے 22 ستمبر تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گی۔ سیریز 2025 ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
اس کے بعد قومی ٹیم سری لنکا روانہ ہو گی جہاں وہ ٹورنامنٹ کے تمام گروپ میچز کھیلے گی۔
اگر پاکستان ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیتا ہے تو وہ اپنے باقی میچز بھی سری لنکا ہی میں کھیلے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعے کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا 2025۔26 کا کیلنڈر جاری کیا، جس کے مطابق ٹیم مجموعی طور پر 23 ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے علاوہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے گی۔
جنوبی افریقہ کی میزبانی سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے ڈبلن کا دورہ کرے گی، جو چھ سے 10 اگست تک شیڈول ہے۔
دو وائٹ بال سیریز اور ون ڈے ورلڈ کپ کے علاوہ 2025 میں پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے کوئی اور میچ شیڈول نہیں۔
آئندہ سال خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے، جو جون اور جولائی میں انگلینڈ میں ہو گا، پاکستان اپنی تیاریوں کا آغاز جنوبی افریقہ میں کرے گا۔
پاکستان ویمنز ٹیم فروری اور مارچ میں جنوبی افریقہ میں تین ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گی۔
اس کے بعد اپریل سے مئی کے درمیان وہ اتنی ہی تعداد میں میچز اپنے ہوم گراؤنڈ پر زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سیریز کے اختتام کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم آئرلینڈ روانہ ہو گی، جہاں وہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، جس میں میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہوں گے۔
اس کے بعد پاکستان انگلینڈ جائے گا جہاں وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گا۔
ویمنز انڈر 19 ٹیم 15 ستمبر سے چھ اکتوبر تک کراچی میں ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو تین ہفتے کے سکلز ڈیولپمنٹ کیمپ میں مدعو کیا جائے گا، جس کے بعد بنگلہ دیش سیریز کی تیاری کے لیے کیمپ لگایا جائے گا۔
ڈومیسٹک سطح پر نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ چھ سے 24 نومبر تک کراچی میں ہوگا۔
چار ٹیموں پر مشتمل یہ مقابلہ ڈبل لیگ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔