انڈین میڈیا نے ہفتے کو رپورٹ کیا ہے کہ بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان ممبئی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں امریکہ منتقل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ اب برطانیہ منتقل ہو چکے ہیں۔
ہفتے کو انڈین آن لائن جریدے ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ ’شاہ رخ خان ممبئی میں اپنی فلم ’کنگ‘ کی عکسبندی کے دوران زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں ایک ماہ کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔‘
انڈین میڈیا کے دیگر اداروں، دی نیو انڈین ایکسپریس، زی نیوز، ہندوستان ٹائمز، انڈیا ٹوڈے، دکن کرونیکلز، ٹائمز ناؤ سمیت کئی خبر رساں اداروں نے اس خبر کو رپورٹ کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان ایک ایکشن سین عکس بند کرواتے ہوئے زخمی ہوئے اور انہیں کمر میں موچ آئی۔
بالی وڈ ہنگامہ نے رپورٹ کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی اس فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان بھی ان کے ہمراہ اداکاری کر رہی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے زخمی ہونے کے بعد ان کی فلم کی عکسبندی کو جولائی اور اگست میں روک دیا گیا ہے۔ جبکہ فلم کی دوبارہ شوٹنگ کا آغاز ستمبر یا اکتوبر سے ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کنگ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں جبکہ اس فلم کی کاسٹ میں دپیکاپڈوکون، رانی مکھرجی، ابھیشیک بچن، جے دیپ اہلاوت، انیل کپور، ارشد وارثی اور جیکی شروف جیسے بڑے فنکاروں کے نام شامل ہیں۔