صوبہ سندھ میں ضلع سکھر کے شہر صالح پٹ میں پولیس نے بتایا کہ نارا کینال کے کنارے کپڑے دھوتی ایک خاتون پر مگرمچھ نے حملہ کر دیا۔ تاہم خاتون کا شوہر نہر میں کود کر اپنی بیوی کو بچانے میں کامیاب ہو گیا۔
صالح پٹ تھانے کے ایس ایچ او احمد علی ہالیپوٹو کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شام گاؤں ریاض آباد میں آر ڈی 115 کے مقام پر پیش آیا۔
گاؤں کی رہائشی 35 سالہ ہدایتاں میرانی کپڑے دھو رہی تھیں کہ اچانک نہر سے نکلنے والے مگرمچھ نے ان کی ٹانگ دبوچ کر انہیں پانی میں گھسیٹ لیا۔
بچوں اور خواتین کے شور مچانے پر ہدایتاں کے شوہر، حبدار علی میرانی، گھر سے دوڑ کر آئے اور نہر میں چھلانگ لگا دی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
احمد علی کے مطابق گاؤں کے دیگر افراد بھی ڈنڈے لے کر موقعے پر پہنچے اور مگرمچھ پر وار کر کے خاتون کو اس کی گرفت سے آزاد کرایا۔
مقامی رپورٹر منیر مہر کے مطابق متاثرہ خاتون کو فوری طور پر علاج کے لیے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا، لیکن مبینہ طور پر طبی عملے نے علاج سے انکار کر دیا، جس کے بعد خاتون کے شوہر ان کی مرہم پٹی کروا کے واپس لے گئے۔
محکمہ جنگلی حیات سندھ کے صوبائی کنزرویٹر جاوید احمد مہر کا کہنا ہے کہ نارا کینال میں مگرمچھ بڑی تعداد میں موجود ہیں، مگر یہ عموماً تیز بہاؤ والے پانی میں نہیں بلکہ ٹہرے ہوئے پانی یا بیک واٹر میں پائے جاتے ہیں اور عام طور پر انسانوں پر حملہ نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2021 میں اسی مقام پر ایک کمسن لڑکی پر مگرمچھ کے حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے والد نے قتل کیا تھا اور الزام مگرمچھ پر ڈال دیا گیا تھا۔