لاہور کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پیر کو نو مئی واقعات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پانچ سینیئر رہنماؤں کو پانچ اور 10 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں جبکہ ایک مرکزی رہنما کو بری کر دیا۔
اے ٹی سی لاہور کے جج گل منظر علی گل نے آج کوٹ لکھپت جیل میں شادمان اور سرور روڈ تھانوں میں درج دو مقدمات کا فیصلہ سنایا۔
فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ کو 10، 10 سال جبکہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو پانچ، پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات سے بری کر دیا گیا۔
جناح ہاؤس کے قریب راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑی جلانے اور تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں ہفتے کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
تھانہ شادمان کیس میں عدالت نے چالان میں نامزد 41 میں سے 25 ملزمان پر فرد جرم عائد کی اور استغاثہ کے 45 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے تھے۔ اس معاملے میں کم از کم 15 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔
راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے کیس میں عدالت نے 17 ملزمان پر فرد جرم عائد کی، سات کو اشتہاری قرار دیا اور استغاثہ کے 65 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے۔
ملزمان کے وکلا نے حتمی دلائل میں ملزمان کو بری کرنے کی استدعا کی تھی جبکہ سرکار کی جانب سے پراسکیوٹر نیئر نوید نے ملزمان کو سخت سزا دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمات میں ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے اور بغاوت کی دفعات شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گواہان کے مطابق راحت بیکری چوک میں انسپیکٹر مجاہد حسین سمیت دیگر اہلکاروں کی گاڑی جلائی گئی، پولیس کی گاڑی میں موجود انسداد بلوہ کا سامان بھی جلا دیا گیا، کارکنان نے انسپکٹر مجاہد حسین اور ساتھی اہلکاروں کو تشدد کرکے زخمی کیا، مشتعل کارکنان پولیس سے ایس ایم جی رائفل چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
تھانہ شادمان پر حملے کی ایف آئی آرکے مطابق مشتعل کارکنان نے تھانہ میں لیڈی پولیس کو حراساں کیا، تھانہ میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگائی، تھانے کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی توڑا گیا اور آگ لگائی، میاں اسلم اقبال اور میاں محمود الرشید کی موجودگی میں تھانے کو جلایا گیا۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی، 2023 کو احتجاجی مظاہروں کے دوران شیر پاؤ برج توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت آٹھ ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے میں بری کر دیا تھا۔
پنجاب کے شہر سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی، 2023 کو میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں منگل کو پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر، رکن قومی اسمبلی احمد چھٹہ اور بلال اعجاز سمیت 39 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔
اسی طرح فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی 2023 کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت 108 ملزمان کو قید کی سزا سنائی تھی۔