پاکستان میں ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا، جب ایف بی آر کی طرف سے دی گئی ابتدائی 30 ستمبر کی آخری تاریخ آدھی رات کو ختم ہونے والی تھی۔
ایف بی آر نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایکس پر ایک پوسٹ میں اس تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا۔
اس سے قبل ایف بی آر نے گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع پاکستانی شہریوں کی جانب سے ٹیکس تفصیلات جمع کروانے میں زیادہ دلچسپی کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے، جب کہ بعض مبصرین کے خیال میں ایسا کیا جانا ٹیکس اتھارٹی پر دباؤ کی وجہ سے بھی ممکن ہے۔
تاہم ایف بی آر نے کہا کہ ’ڈیڈ لائن میں توسیع مختلف تجارتی اداروں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور عام لوگوں کی درخواستوں کے جواب میں دی گئی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 214A کے تحت کیا گیا ہے۔
ایک دن قبل بورڈ نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا تھا کہ وہ 30 ستمبر کی آخری تاریخ سے پہلے اپنے ریٹرن فائل کروائیں، ساتھ ہی کہا گیا تھا کہ گوشوارے فائل کرنے کی مقررہ تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کے بیان میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں کسی بھی طرح کی توسیع کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ کچھ عناصر نے اس توسیع کو ملک میں حالیہ سیلاب سے جوڑنے کی کوشش کی تھی، اس طرح کے دعوؤں کو ’جھوٹا، بے بنیاد اور گمراہ کن‘ قرار دیا گیا تھا۔
بیان میں ان رپورٹس کو بھی بے بنیاد قرار دیا گیا تھا جن میں بتایا گیا تھا کہ انٹیگریٹڈ رسک انفارمیشن سسٹم (آئرس) کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔