بدعنوان افراد کے خلاف چینی طرز کی کارروائی چاہتے ہیں: عمران خان

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی کامیابیوں سے سیکھ رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ نے استقبال کیا(اے ایف پی)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے گذشتہ پانچ سال میں کرپشن کے خاتمہ کے لیے وزارتی سطح کے 400 افراد کو سزائیں دے کر جیلوں میں ڈالا۔ ’ہم بھی بدعنوان افراد کے خلاف ایسی کارروائی کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارا نظام سست ہے۔‘

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی تجارت کے فروغ کے لئے قائم چائنا کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن ملکوں کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے تاہم چین نے کرپشن کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن پر قابو پانے میں کچھ وقت لگے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی کامیابیوں سے سیکھ رہے ہیں۔ ’سرخ فیتے کی رکاوٹ بھی کرپشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ امید ہے کہ آہستہ آہستہ صورت حال بہتر ہو جائے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔ ’پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ترین ملک ہے، معاشی اصلاحات کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں۔‘

عمران خان نے کہا، ’ہمیں مکانات کی قلت کا سامنا ہے۔ پانچ سال میں 50 لاکھ مکانات کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس کے لیے حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آزاد ویزے کی سہولت دی ہے۔ ’چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع کمائیں۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ پہلے چین نے پاکستان سے سیکھا اب پاکستان چین سے سیکھ رہا ہے۔ ’ہمیں چین سے یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے قوم کو کیسے غربت سے نکالا۔ چین نے30 سالوں میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں تیز ترین ترقی کرنے والا ملک ہے اور غربت کے خاتمے کے لیے چین کے اقدامات سے پوری دنیا سیکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ سی پیک کے مسائل حل کرنے کے لیے سی پیک اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کا عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ نے استقبال کیا۔ منگل کو ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب عظیم عوامی ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم نے مصافحہ کیا اور بعد ازاں پاکستان کے وفد کا چین کے وزیراعظم کے ساتھ تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے اور چین کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی اور وزیر اعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے چین کے گژوبا گروپ کے چیئرمین لیوزی ژیانگ، لانگ مارچ ٹائر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لی کنگ وین اور ورینٹ ہولڈنگز گروپ لمیٹڈ کے بورڈ کے چیئرمین جیانگ ژومنگ نے ملاقاتیں کی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا