آر آر آر اور باہوبلی کے بعد راجامولی کی سب سے بڑی فلم ’ورانسی‘ کی رونمائی

فلم ورانسی کے لیے راجامولی نے ایک بڑی کاسٹ جمع کی ہے جن میں تیلگو سپر سٹار مہیش بابو، پریانکا چوپڑا اور پرتھوی راج جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

فلم ’ورانسی ٹائم ٹریول پر مبنی ایک مہم جوئی کی کہانی ہے، جس کی کہانی کے کچھ حصے ہندو دیومالائی تصورات سے لیے گئے ہیں (ایس ایس راجامولی/فیس بک)

’آر آر آر‘ اور ’باہوبلی‘ جیسی عالمی سطح پر کامیاب فلموں کے خالق ساؤتھ فلم ساز ایس ایس راجامولی، جنہوں نے انڈین سنیما کا انداز بدل دیا اور ہالی وڈ کی توجہ حاصل کی، اب اپنی سب سے بڑی فلم لے کر آ رہے ہیں۔

دیومالائی کہانی، شاندار ایکشن اور تخلیقی کوریوگرافی کو یکجا کرنے کے لیے مشہور راجامولی نے ہفتے کو جنوبی انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ایک تقریب کے دوران اپنی نئی فلم اور اس کے نام کا اعلان کیا، جہاں ہزاروں مداح پہلی جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔

فلم ’ورانسی‘، جس کا پہلے خفیہ نام ’گلوب ٹروٹر‘ تھا، کی کہانی کے بارے میں تفصیل ابھی ظاہر نہیں کی گئی تاہم تقریباً چار منٹ کی جو ویڈیو جاری کی گئی ہے اس میں ٹائم ٹریول پر مبنی ایک شاندار مہم جوئی دکھائی گئی ہے، جس کی کہانی کے کچھ حصے ہندو دیومالائی تصورات سے لیے گئے ہیں۔

اس فلم کا عنوان اتر پردیش کے اس شہر سے لیا گیا ہے جسے ہندو مذہب کا روحانی مرکز سمجھا جاتا ہے۔

راجامولی نے کہا کہ یہ فلم آئی میکس فارمیٹ میں سینما گھروں میں پیش کی جائے گی اور اس کی ریلیز 2027 میں متوقع ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا: ’لیجیے، یہ ہے  ورانسی پوری دنیا کے لیے۔‘

تقریب کے دوران انہوں نے اشارہ دیا کہ فلم کا ایک سیکوئنس جو ہندوؤں کی مذہبی کہانی رامائن کے ’ایک اہم واقعے‘ سے متاثر ہے۔

فلم ورانسی کے لیے راجامولی نے ایک بڑی کاسٹ جمع کی ہے جن میں تیلگو سپر سٹار مہیش بابو، پریانکا چوپڑا اور پرتھوی راج جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ بالی وڈ سپر سٹار کی حیثیت سے شہرت حاصل کرنے کے بعد پریانکا چوپڑا کئی ہالی وڈ پروجیکٹس کے بعد اس فلم کے ذریعے دوبارہ انڈین سنیما میں واپسی کر رہی ہیں۔ فلم کے پوسٹر میں وہ منڈاکنی کے کردار میں زد رنگ کی ساڑھی، ہاتھ میں پستول لیے ہوئے ایک پہاڑ کے کنارے کھڑی دکھائی گئی ہیں۔

فلم کے ہیرو مہیش بابو کی راجامولی کے ساتھ پہلی فلم ہے۔ پہلے منظر میں انہیں خون میں لتھڑے ہوئے ایک جنگجو کے طور پر دکھایا گیا ہے جو ہاتھ میں نیزہ اٹھائے سفید بیل پر سوار ہیں۔ مہیش بابو نے بھی اسی انداز میں تقریب کے دوران ایک مصنوعی سفید بیل پر سوار ہو کر سٹیج پر انٹری دی۔

حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں ٹیزر کی رونمائی کے بعد مہیش بابو نے میں کہا: یہ زندگی میں ایک بار آنے والا پروجیکٹ ہے۔ میں اس کے ذریعے سب کو فخر محسوس کراؤں گا۔ پورا انڈیا ہم پر فخر کرے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہزاروں پرجوش مداحوں نے فلم کی پہلی جھلک ایک دیوہیکل سکرین پر دیکھی جس کے دونوں جانب ورانسی شہر کے ڈیزائن بنائے گئے تھے۔ اس موقع پر رنگا رنگ روشنیوں اور زبردست آتش بازی نے ماحول کو جگمگا دیا جبکہ لوگ تیلگو موسیقی کی دھُنوں پر رقص کرتے رہے۔ یہ گانے نئے اور کلاسک دونوں طرح کے تھے، جس نے تقریب کو ایک تہوار کا رنگ دے دیا۔

بالی وڈ سے ہٹ کر تیلگو زبان کی فلمی صنعت اپنے تیز رفتار اور کبھی کبھار منطق سے آگے بڑھ جانے والے ایکشن، دیومالائی کہانیوں اور شاندار ویژول ایفیکٹس کے ساتھ اپنی الگ شناخت رکھتی ہے جب کہ ٹالی وڈ (تیلگو فلم انڈسٹری) کی حالیہ کامیابیوں کا بڑا کریڈٹ راجامولی کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے بڑے کرداروں، جرات مندانہ فلم سازی اور تخلیقی ویژول ایفیکٹس کے ساتھ صنعت کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔

راجامولی کو دنیا بھر میں شہرت فلم ’آر آر آر‘ کے بعد ملی۔ یہ 2022 کی تین گھنٹے کی ایک بڑی تیلگو فلم تھی، جس کی کہانی برطانوی دور کے انڈیا میں آزادی کے خلاف مظالم پر مبنی تھی جو انڈیا کی سب سے کامیاب فلموں میں شمار ہوئی، پوری دنیا میں دیکھی گئی اور اس کا ایک گانا آسکر ایوارڈ بھی جیت گیا۔

ان کی دو حصوں پر مشتمل باہوبلی سیریز، جو 2015 اور 2017 میں ریلیز ہوئی، نے بھی انڈیا میں باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے اور مغربی ناظرین کو تیلگو سنیما کی شاندار بصری دنیا سے متعارف کرایا۔ دونوں حصوں کو ملا کر تیار کردہ ری ایڈٹڈ ورژن ’باہوبلی، دا ایپک‘  کو گذشتہ ماہ دنیا بھر میں سینما گھروں میں پیش کیا گیا۔

ٹالی وڈ کے بے شمار مداح دور دراز شہروں اور دیہات سے مہیش بابو کو دیکھنے پہنچے، جو ان کے نزدیک ایک دیوتا جیسی مقبولیت رکھتے ہیں۔

مندیپ رویڈو نامی ایک مداح نے کہا: ’یہ اب اصل میں ٹالی وڈ نہیں رہا، یہ اب عالمی ہو چکا ہے۔ ہمارا سپر سٹار مہیش بابو اب علاقائی سٹار نہیں رہے، وہ عالمی سٹار ہیں۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم