ہر کوئی سکس سیون سلینگ کے بارے میں نہیں جانتا۔ آپ تو یقیناً نہیں جانتے ہوں گے کیوں کہ آپ جنریشن الفا نہیں ہیں۔
اس وقت دنیا بھر میں 10 سال سے کم عمر کے بچے روزمرہ گفتگو میں اس لفظ کو بطور سلینگ استعمال کر رہے ہیں۔ حتیٰ کہ سکولوں کے استاد پریشان ہو گئے ہیں کہ انہیں کیسے باز رکھا جائے۔ یہ لفظ اس قدر وائرل ہوا ہے کہ 2025 میں سکس سیون، ڈکشنری ڈاٹ کام کا ورڈ آف دا ائیر قرار دیا گیا ہے دلچسپ بات یہ ہے کہ اکثر بچوں کو بھی نہیں معلوم کہ اس ہندسے کا مطلب کیا ہے۔
سکس سیون اصل میں درزیوں اور چمڑے والوں کی لڑائی تھی۔ اس کی تاریخ 12 ویں صدی کے لندن سے جڑتی ہے جہاں کی ایک عمارت پر یہ دونوں نمبر اب بھی موجود ہیں۔ تب وہاں نائی، درزی، موچی، قصائی، کسی بھی پیشے کی نمائندہ ایک کمپنی ہوتی تھی جسے جنرل ٹرم میں لیوری کہا جاتا تھا۔
ہر کمپنی کے پاس موجود دولت کے حساب سے ان کی لسٹ بنتی تھی اور سب سے اوپر کے 12 نمبروں پہ رہنے والی کمپنیوں کا پورے شہر پہ ہولڈ سمجھا جاتا تھا۔
ہوا یہ کہ لیدر بزنس والی لیوری کا نام سکنرز کمپنی تھا اور درزیوں کی کمپنی تھی مرچنٹ ٹیلرز، اور یہ دونوں نمبر چھ اور سات پہ رہنے والی کمپنیاں تھیں، لیکن دونوں ایک دوسرے سے اوپر نکلنے کے لیے ہر ممکن خون خرابہ کرتی تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان دونوں کمپنیوں میں دشمنی اتنی بڑھی کہ 1484 میں اس وقت کے لارڈ میئر، نے ایک انوکھا فیصلہ کر دیا۔ طے ہوا کہ ایک سال سکنرز چھٹے اور مرچنٹ ساتویں پہ ہوں گے اور اگلے سال مرچنٹ چھٹے نمبر پر آ جائیں گے اور سکنرز ساتویں پر۔
تب سے لے کر آج تک، ہر سال یہ اپنی پوزیشن بدلتے رہتے ہیں۔ اسی وجہ سے انگریزی کا مشہور محاورہ At sixes and sevens نکلا ہے، جس کا مطلب ہے فیصلہ نہ کر سکنا، اور تب سے لکھے گئے یہ دونوں نمبر مرچنٹ ٹیلر لندن کی عمارت پر اب بھی موجود ہیں۔
مطلب یہ کہ 500 سال پہلے بھی 67 کا مطلب الجھن تھا اور آج 2025 میں بھی یہ ’Word of the Year‘ اس لیے بنا کیوں کہ یہ لفظ Impossible to define ہے۔
لندن میں تب اگر کوئی پوچھتا کہ سکنرز کا نمبر کیا ہے؟ جواب ملتا ’67‘ (یعنی کبھی چھ اور کبھی سات۔) آج کل اگر کسی بچے سے پوچھیں کہ سکول کیسا رہا تو وہ کہتا ہے 67 یعنی، بے معنی، روز جیسا، پلس مائنس یا کچھ بھی۔
تو کل ملا کے سمجھ لیں کہ چاہے وہ 15 ویں صدی کے خنجر اٹھائے تاجر ہوں یا 20 صدی کے موبائل یافتہ گلوکار، باسکٹ بال پلیئرز، ہمارے بچے لوگ، سکس سیون ہمیشہ الجھن یا برین راٹ کا کوڈ رہا ہے۔