جنریشن زی کیسی کتابیں پڑھنا چاہتی ہے؟

کراچی میں جمعرات سے ورلڈ بک فیئر 2025 کا میلہ سجا جس میں جنریشن زی کے نوجوانوں کی دلچسپی بھی نظر آئی۔

کراچی ایکسپو سینیٹر میں جمعرات کو ورلڈ بک فیئر 2025 کا میلہ سجا تو کتابوں کے شوقین افراد میں نوجوان خاص طور جنریشن زی (جین زی) نے بھی اچھی خاصی تعداد میں شرکت کی۔

مختلف موضوعات پر سجی کتابیں، منظم سٹالز ہر سٹال پر الگ صنف اور مختلف ذوق کے لیے مواد موجود تھا، جو آنے والوں کو اپنی دلچسپی کے مطابق کتاب منتخب کرنے کا موقع دے رہا تھا۔

بک فیئر میں سب سے زیادہ متلاشی نظر آئے ’جین زی‘ کے نوجوان، بڑی تعداد میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بک فیئر پہنچے، جو ڈیجیٹل دور میں جی تو رہے ہیں لیکن مشاہدے کے شوقین بھی معلوم ہوئے۔ ایسے میں یہ سوال بھی پیدا ہوا کہ نئی نسل یعنی ’جین زی‘ کے نوجوان کس طرح کی کتابوں اور موضوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں؟

کتاب میلے میں جہاں ایک طرف کلاسیکل ادب، مذہبی کتب اور نصابی مواد دستیاب تھا، وہیں دوسری جانب نوجوان قارئین خاص طور پر فکشن اور فینٹسی سٹالز پر زیادہ نظر آئے۔ جنریشن زی کی زارا لاکھانی نے بک فیئر سے فکشنلز کے موضوع پر کتابیں خریدی۔ ان کا ماننا ہے کہ فکشنل کہانیاں پڑھنا بھی ایک الگ مزہ ہے کیونکہ ایسے ناولز انہیں روزمرہ کی حقیقت سے نکال کر ایک ایسی دنیا میں لے جاتے ہیں جہاں تخیل کو پر لگ جاتے ہیں۔

دانیا حسن نے فینٹسی کے موضوع سے جڑی کتابیں خریدی اور ان کا کہنا تھا کہ ’کتب میلے میں تین گھنٹے سے زائد وقت گزر گیا، لیکن کتابیں خریدنے کی چاہ ختم نہیں ہو سکی۔‘

سید یوسف احمر کو جو اپنی من پسند کتاب ڈھونڈ رہے تھے، اس دوران انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ فکشن بک میں ’امریکن سائکو‘ اور ’1984 بائے جارج اورول‘ خریدنے کے خواہش مند ہیں، کیونکہ اس طرح کے موضوعات پر مبنی کتابیں کردار، کہانیاں اور مہمات حقیقت سے مختلف مگر دلچسپ ہوتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نوجوان قارئین کے مطابق، موجودہ دور کے مسائل، تعلیمی دباؤ اور ڈیجیٹل زندگی کے شور میں فکشنل کہانیاں ذہنی سکون فراہم کرتی ہیں۔

ورلڈ بک فیئر 2025 کی سب سے خوبصورت بات یہ رہی کہ ڈیجیٹل دور میں بھی کتاب کی اہمیت کہیں نہ کہیں برقرار ہے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں سجا یہ بک فیئر محض کتابوں کی نمائش نہیں تھا بلکہ یہ امید کا ایک روشن پیغام تھا کہ کہانیاں آج بھی زندہ ہیں، قارئین موجود ہیں، اور کتاب کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن (PPBA) کے زیرِ تحت منعقد کیا گیا۔ اس میں ملک بھر سے 140 معروف پبلشرز اور کتب فروش شرکت کی ہے اور اس سال کتب میلے میں 329 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں جو قارئین کو عالمی ادب سے روشناس کروا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل