بنگلہ دیش کا انڈیا میں ٹی 20 میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ

کھلاڑی مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد بنگلہ دیش میں کھیلوں کے مشیر آصف نذرل نے کہا کہ انہوں نے بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست کرے کہ بنگلہ دیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کروائے جائیں۔

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیر آصف نذرل تین نومبر 2025 کو ڈھاکہ میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں (اے ایف پی)

بنگلہ دیش میں کھیل اور نوجوانوں کے امور کے عبوری مشیر آصف نذرل نے کہا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے میچز سری لنکا میں کروانے کی درخواست کی جائے گی۔

یہ اعلان انڈیا کی جانب سے ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑنے پر مجبور کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

اتوار کو سرکاری خبر رساں ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق آصف نذرل نے کہا کہ ’ہم کسی بھی صورت میں بنگلہ دیشی کرکٹ، کرکٹرز اور بنگلہ دیش کی توہین قبول نہیں کریں گے۔‘

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کو ہفتے کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ٹیم سے الگ کر دیا تھا۔ پڑوسی ملکوں انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کے بعد انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ٹیم کو ایسا کرنے کی ’سفارش‘ کی گئی۔ 

آصف نذرل نے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو حکم دیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھے۔

انہوں نے کہا: ’بورڈ کو مطلع کرنا چاہیے کہ جہاں ایک بنگلہ دیشی کرکٹر معاہدہ ہونے کے باوجود انڈیا میں نہیں کھیل سکتا، وہاں بنگلہ دیش کی پوری کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا جانے میں خود کو محفوظ محسوس نہیں کر سکتی۔

’میں نے بورڈ کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ درخواست کرے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کروائے جائیں۔‘

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز سات فروری سے ہو رہا ہے جس کی مشترکہ میزبانی انڈیا اور سری لنکا کر رہے ہیں۔ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کو اپنے گروپ کے چاروں میچز انڈیا میں کھیلنے ہیں۔

پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا، جو اس معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت انڈیا اور پاکستان دونوں کو کثیر قومی ٹورنامنٹس غیر جانبدار مقامات پر کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی تعلقات اس وقت خراب ہوئے، جب 2024 میں ڈھاکہ میں ایک بڑے عوامی احتجاج کے بعد اس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ وہ نئی دہلی کی قریبی حلیف سمجھی جاتی تھیں۔

انڈیا کی وزارت خارجہ نے گذشتہ ماہ مسلم اکثریتی بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف ’مسلسل دشمنی‘ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جبکہ بنگلہ دیش کے عبوری رہنما نوبیل امن انعام یافتہ محمد یونس نے انڈیا پر الزام لگایا کہ وہ تشدد کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بلبل نے کہا کہ بورڈ کا ہنگامی اجلاس پیر کو ہو گا۔

انہوں نے ہفتے کی رات صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’ہمارے کرکٹرز کی عزت اور سلامتی ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے اور ہم وقت کے مطابق فیصلہ کریں گے۔‘

مستفیض الرحمان کو، جو پہلے آئی پی ایل میں دیگر ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں، دسمبر میں کولکتہ رائیڈرز نے نیلامی میں 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم دے کر حاصل کیا تھا۔

لیکن بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت ساکیہ نے کہا کہ ’تازہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے‘ کولکتہ رائیڈرز کو 30 سالہ مستفیض الرحمان کو ’الگ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔‘

2026 کے آئی پی ایل کا سیزن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔

آصف نذرل نے کہا کہ وہ یہ بھی کہیں گے کہ آئی پی ایل کو بنگلہ دیش کے نشریاتی اداروں پر دکھانے سے روکا جائے۔

انہوں نے کہا: ’میں نے اطلاعات ونشریات کے مشیر سے کہا ہے کہ آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی نشریات بند کی جائیں۔‘

کولکتہ رائیڈرز جس کے زیادہ تر شیئرز بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے پاس ہیں، نے بعد میں کہا کہ مستفیض الرحمان کو ٹیم سے ’الگ کرنا مناسب اقدام ہے، جو مشاورت کے بعد کیا گیا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ