ترکی میں سکالر شپ کا سنہری موقع جو آپ کی زندگی بدل سکتا ہے

سال 2026 کے لیے ترکی سکالر شپس کی درخواستوں کا آغاز 10 جنوری سے شروع ہو چکا ہے  اور یہ سلسلہ 20 فروری 2026 تک جاری رہے گا۔

20 اکتوبر 2014 کی اس تصویر میں استنبول یونیورسٹی میں طلبہ تصویر کے لیے پوز دیتے ہوئے (اے ایف پی)

آج کے جدید اور مسابقتی عالمی ماحول میں وہی اقوام آگے بڑھ رہی ہیں جو اپنی نوجوان نسل کو عالمی معیار کی تعلیم، جدید مہارت  اور بین الاقوامی تجربات سے آراستہ کر رہی ہیں۔ ایسے میں جمہوریۂ ترکی  کی جانب سے پیش کیا جانے والا ترکی سکالر شپ پروگرام نہ صرف ایک تعلیمی سہولت بلکہ ایک مکمل وژن، ایک فکری تحریک اور مستقبل ساز منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے۔

یہ سکالر شپ پروگرام دنیا بھر کے باصلاحیت طلبہ کو ترکی  کی ممتاز اور عالمی رینکنگ کی حامل یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا وہ موقع فراہم کرتا ہے، جو عموماً صرف امیر طبقے یا مخصوص حلقوں تک محدود رہتا ہے۔

ترکی  سکالر شپس کا بنیادی مقصد صرف یہ نہیں کہ بین الاقوامی طلبہ ترکی آ کر تعلیم حاصل کریں، بلکہ اس کے پس منظر میں ایک گہرا اور دور رس وژن کارفرما ہے۔ حکومتِ ترکی اس پروگرام کے ذریعے دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہتی ہے جہاں وہ نہ صرف علم حاصل کریں بلکہ مستقبل کے قائدین کے طور پر تیار ہوں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہی وجہ ہے کہ ترکی سکالر شپس کو اکثر فیوچر لیڈر پروگرام (Future Leaders Program) بھی کہا جاتا ہےکیونکہ اس کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ بعد ازاں اپنے اپنے ممالک میں نمایاں عہدوں، تعلیمی اداروں، تحقیقی مراکز، سفارتی حلقوں اور پالیسی سازی کے شعبوں میں خدمات انجام دیتے نظر آتے ہیں۔ یوں ترکی  سکالر شپس نہ صرف افراد بلکہ قوموں کے درمیان دوستی، تعاون اور باہمی اعتماد کی بنیاد بنتی ہیں۔

ترکی کئی دہائیوں سے بین الاقوامی طلبہ کو تعلیمی وظائف فراہم کرتا آ رہا ہے، تاہم 2012 میں ان تمام سکالر شپ پروگراموں کو ایک منظم اور مربوط شناخت دیتے ہوئے ترکی سکالر شپس کے نام سے برانڈ کیا گیا۔ اس کے بعد یہ پروگرام Presidency For Turks Abroad And Related Communities (YTB) کی نگرانی میں منظم انداز سے چلایا جانے لگا ہے۔

آج یہ پروگرام ترکی  کے اہم ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے نافذ العمل ہے، جن میں ترک ہائر ایجوکیشن کونسل  (YÖK، یورت-کور (YURTKUR) طلبہ کی رہائش کا قومی ادارہ، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ اور وزارتِ خارجہ شامل ہیں۔ یہ بین الادارہ جاتی تعاون اس پروگرام کو مضبوط، شفاف اور مؤثر بناتا ہے۔

دنیا کا سب سے جامع سکالر شپ پروگرام کیسے؟

اگر دنیا کے مختلف تعلیمی وظائف کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ بیشتر سکالر شپس صرف تعلیمی فیس یا جزوی مالی امداد تک محدود ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس ترکی سکالر شپس طالب علم کی زندگی کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتا ہے۔

یہ سکالر شپ پروگرام نہ صرف یونیورسٹی اور شعبۂ تعلیم میں براہِ راست داخلہ فراہم کرتا ہے بلکہ طالب علم کی رہائش، صحت، ماہانہ اخراجات، زبان سیکھنے، سفری سہولت اور سماجی سرگرمیوں تک کا مکمل بندوبست کرتا ہے۔ یوں طالب علم پوری توجہ کے ساتھ تعلیم پر بغیر کسی مالی یا انتظامی پریشانی کے بھر پور توجہ دے سکتا ہے۔

ترکی سکالر شپس کے تحت منتخب ہونے والے طلبہ کو جو سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، وہ کسی خواب سے کم نہیں۔ حکومتِ ترکی طالب علم کی مکمل تعلیمی فیس ادا کرتی ہے، اسے معیاری سرکاری ہاسٹل میں رہائش فراہم کی جاتی ہے، صحت کی مکمل انشورنس دی جاتی ہے تاکہ کسی بیماری یا ہنگامی صورت حال میں علاج معالجہ بوجھ نہ بنے۔

اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے، جو موجودہ حالات میں ایک باعزت اور مناسب زندگی گزارنے کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے۔ بیچلر اور ایسوسی ایٹ سطح کے طلبہ کو 4,500 ترک لیرا، ماسٹرز کے طلبہ کو 6,500 ترک لیرا اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو 9,000 ترک لیرا ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں  یہی سکالر شپ اپنی انفرادیت کا ایک اور پہلو  بھی اجاگر کرتا ہے، کیونکہ طلبہ کو ایک سالہ ترکی زبان کا باقاعدہ کورس بھی حکومت ہی کی جانب سے کروایا جاتا ہے۔ اس کورس کے ذریعے طلبہ نہ صرف تعلیمی ماحول میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں بلکہ روزمرہ زندگی میں بھی خود کو ترکی  کے معاشرے کا حصہ محسوس کرتے ہیں۔

ترکی ایک ایسا ملک ہے جہاں مشرق اور مغرب کی تہذیبیں ایک دوسرے سے ہم آہنگ نظر آتی ہیں۔ یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بین الاقوامی طلبہ ایک محفوظ، مہمان نواز اور ثقافتی طور پر زرخیز ماحول میں رہتے ہیں۔ سرکاری ہاسٹلز میں رہائش، منظم ٹرانسپورٹ، تعلیمی کیمپسز میں سہولتیں اور بین الاقوامی طلبہ کے لیے خصوصی معاونت مراکز ترکی میں طالب علم کی زندگی کو آسان اور خوشگوار بنا دیتے ہیں۔

ترکی سکالر شپس کے تحت آنے والے طلبہ کو مختلف تعلیمی، ثقافتی اور سماجی پروگراموں میں شرکت کا موقع بھی دیا جاتا ہے، جس کے ذریعے وہ ترکی  کی تاریخ، اقدار اور تہذیب سے گہری واقفیت حاصل کرتے ہیں۔

ترکی سکالر شپس کا دائرہ کار انتہائی وسیع ہے۔ یہ پروگرام ایسوسی ایٹ ڈگری سے لے کر پی ایچ ڈی تک تمام اہم تعلیمی سطحوں کا احاطہ کرتا ہے۔ انجینیئرنگ، سوشل سائنسز، نیچرل سائنسز ، انسانی علوم اور دیگر کئی شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

ہر سطح کے لیے علیحدہ معیار، علیحدہ پروگرام اور مخصوص سہولتیں موجود ہیں، تاکہ ہر طالب علم اپنی صلاحیت اور تعلیمی پس منظر کے مطابق آگے بڑھ سکے۔

سال 2026 کے لیے ترکی سکالر شپس کی درخواستوں کا آغاز 10 جنوری سے شروع ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ 20 فروری 2026 تک جاری رہے گا۔ اس نادر موقعے کے دوران دنیا بھر کے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد کسی بھی قسم کی تاخیر یا رعایت ممکن نہیں ہوتی۔

اسی لیے تعلیمی ماہرین اور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جو طلبہ اس موقعے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں ابھی سے تیاری شروع کر دینی چاہیے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ یا آپ کا کوئی عزیز عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرے، تو یہ وہ موقع ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مزید تفصیلی رہنمائی، مرحلہ وار معلومات اور عملی مدد کے لیے www.trurdu.comکے علاوہ براہ راست www.turkiyeburslari.gov.tr سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس