شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات، اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیرِ خزانہ سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں (وزیر اعظم آفس)

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچنے والے سعودی وزیرِ خزانہ کی وزیراعظم سے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا: ’پاکستان کے لیے سعودی قیادت کی محبت اور برسوں سے جاری اقتصادی و مالی تعاون نے ملک کی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اور یہ برادرانہ تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔‘

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

محمد بن عبداللہ الجدعان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق مزید مستحکم ہوں گے۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت