لبنان کی قومی نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں منگل کو اسرائیلی ڈرون حملوں میں کم از کم چار افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو افراد ’ڈبل ٹیپ‘ حملے میں جان سے گئے، جہاں پہلے ڈرون نے میفدون گاؤں میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد دوسرا حملہ اس وقت ہوا جب لوگ موقعے پر جمع ہو گئے۔
ایک اور ڈرون حملہ شوکین کے قصبے میں کیا گیا، جس میں مزید دو افراد جان سے گئے۔ ان حملوں کے بارے میں اسرائیلی فوج کا فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
ادھر حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے آج ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لبنان کے خلاف ’اسرائیلی۔امریکی جارحیت‘ کو رکوانے میں مدد دی۔
یہ بیان امریکہ اور ایران کے درمیان مشرق وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے سے متعلق معاہدے کے اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کے نام اپنے پیغام میں نعیم قاسم نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر ’اسرائیلی ریاست کو فوری اور مستقل طور پر فوجی کارروائیاں بند کرنے پر مجبور کرنے‘ کی ایرانی کوششوں پر ’گہری قدردانی‘ کا اظہار کیا۔
حزب اللہ کے پیغام کے مطابق انہوں نے کہا ’آپ نے لبنان کے خلاف اسرائیلی۔امریکی جارحیت کے خاتمے کی واحد مؤثر امید کو حقیقت میں بدل دیا، جس سے دنیا پر ثابت ہوا کہ ایران حق اور مزاحمت کا علم بردار ہے۔‘
حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے وسیع فضائی حملوں اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں لبنانی حکام کے مطابق اب تک 3,800 سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں۔