وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق اٹلی بھجوانے کے نام پر لاہور سے تعلق رکھنے والے 12 نوجوانوں کے ایران میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کے معاملے میں انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
پاکستان میں انسانی سمگلنگ کا معاملہ سنگین ہو چکا ہے۔
ایف آئی اے کے ریکارڈ کے مطابق جون 2023 سے اپریل 2026 تک یورپ جانے کی کوشش کے دوران سات بڑے کشتی حادثات میں 467 پاکستانی سوار تھے۔
ان میں سے 335 افراد جان سے گئے جبکہ 131 کو بچا لیا گیا۔ اپریل 2026 میں اٹلی کے قریب پیش آنے والے ایک کشتی حادثے میں کم از کم 20 پاکستانیوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ان افراد کا تعلق زیادہ تر گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سے تھا۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ لاہور کے علاقے پسین کے رہائشی مشتاق احمد کی درخواست پر 12 افراد کے ڈنگی کے ذریعے اٹلی جاتے ہوئے ایران میں لاپتہ ہونے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا ملزمان کی گرفتاری اور لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بیرون ملک متعلقہ اداروں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
متاثرہ شہری مشتاق احمد نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو اور ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے بیٹے دلشاد مشتاق اور دو رشتہ داروں اسامہ اور وقاص سمیت مجموعی طور پر 12 افراد کو عامر عرف بھوبلا نامی مبینہ ایجنٹ نے لاکھوں روپے لے کر اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مشتاق احمد کے مطابق مذکورہ ایجنٹ کا تعلق بھی اسی علاقے سے ہے اور وہ نوجوانوں کو مختلف راستوں سے غیر قانونی طور پر ایران لے گیا، جہاں پہنچنے کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
انہوں نے بتایا چند روز قبل وقاص کے نمبر سے فی کس 10 لاکھ روپے طلب کیے گئے جو اہل خانہ نے بھجوا دیے۔
بعد ازاں فی کس چھ ہزار امریکی ڈالر مزید طلب کیے گئے۔
مشتاق احمد کے مطابق رقم نہ بھیجنے پر اغوا کاروں نے نوجوانوں کی ایک ویڈیو بھیجی، جس میں انہیں ویرانے میں زنجیروں سے باندھا گیا تھا اور ان پر مبینہ تشدد کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اغوا کاروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر مزید رقم نہ بھیجی گئی تو مغوی نوجوانوں کو قتل کر دیا جائے گا۔
متاثرہ شہری نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ لاپتہ نوجوانوں کی جلد بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔