مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کے حلقوں کے انتخابی مہم کے انچارج خواجہ سعد رفیق نے پیر کو کالعدم جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ لانگ مارچ ملتوی کرے اور انتخابی عمل میں رکاوٹ نہ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنے جن مطالبات پر پیش رفت ہو رہی ہے انہیں قبول کرے، جبکہ باقی مطالبات کے لیے تدبر، سیاسی بصیرت اور پُرامن حکمت عملی اختیار کرے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے اراکین کو محفوظ واپسی کا راستہ فراہم کیا جانا چاہیے، تاہم ریاست کی عملداری بھی ہر صورت برقرار رہنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مطالبات ایک ہی وقت میں تسلیم نہیں کیے جاتے بلکہ اس کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ لانگ مارچ کی صورت میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تصادم کا خطرہ موجود ہے، جبکہ موجودہ ملکی حالات کسی بھی جانی نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ان کے بقول مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں، دونوں کی جانیں یکساں طور پر قیمتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے متعدد مطالبات کا تعلق آزاد کشمیر حکومت سے ہے، جبکہ قانون ساز اسمبلی کی مدت پوری ہو چکی ہے۔ اگر نئی حکومت قائم نہیں ہو گی تو ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر فورم بھی موجود نہیں ہو گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خواجہ سعد رفیق نے زور دیا کہ ریاست سنجیدگی اور ہمدردی کے ساتھ کالعدم کمیٹی سے نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔ ان کے مطابق، اگرچہ کمیٹی میں بعض انتہا پسند عناصر موجود ہیں، تاہم وہاں اعتدال پسند افراد بھی ہیں، اس لیے مسئلے کا پُرامن حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ قبول مطالبات تسلیم کیے جائیں جبکہ ناقابلِ عمل مطالبات پر واضح مؤقف اختیار کیا جائے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پیر کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے مجموعی طور پر 13 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے جبکہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج جاری ہے اور اس نے مارچ کی کال بھی دے رکھی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کشمیر میں انتخابات کو مرحلہ وار کروانے کا اعلان کیا تھا اور ان کا آغاز میر پور ڈویژن سے ہوا ہے جہاں آج (پیر کو) عام تعطیل ہے۔
ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق مظفرآباد ڈویژن اور پاکستان میں مقیم پناہ گزینوں کی 12 نشستوں پر ووٹنگ 2 اگست کو کرائی جائے گی جبکہ پونچھ ڈویژن میں پولنگ 10 اگست کو ہو گی۔