چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے لیے پیٹرول میں 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا اعلان

عوام کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی سکیم آئندہ ہفتے سے مرحلہ وار نافذ ہوگی۔

کراچی میں 25 اپریل، 2026 کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کے دوران ایک پٹرول پمپ پر موٹر سائیکلوں میں ایندھن بھروانے کے لیے شہری قطار میں کھڑے ہیں(اے ایف پی)

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر کے مطابق یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان نے امریکہ اور ایران کے جاری تنازعے کے باعث گذشتہ چند ہفتوں کے دوران مسلسل ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

حکومت نے جمعے کو بڑھائی گئی قیمتقں میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 403.32 روپے (1.46 ڈالر) فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت 375.82 روپے (1.36 ڈالر) فی لیٹر مقرر کی، جو 14 ستمبر تک نافذ العمل رہے گی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا جب جمعے کو عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔ جبکہ مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی اور آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کے راستوں سے جہاز رانی میں رکاوٹوں کے خدشات برقرار ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر کے مطابق ’خصوصی ریلیف سکیم‘ کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ سے پوری طرح آگاہ ہے اور ’اس مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔‘

ماہانہ سبسڈی کتنی ہوگی؟

وزیراعظم آفس کے مطابق موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔ اس میں موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے شامل ہیں۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ اسلام آباد کی حدود میں اسکیم پر عملدرآمد آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع ہوگا، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں یہ اسکیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ ہوگی۔

سکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل اتوار سے شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے طریقہ کار سے عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

رواں سال تیل پر دوسری بار سبسڈی

یہ رواں سال امریکہ اور ایران کے جاری جنگی تنازع کے باعث اسلام آباد کی جانب سے اعلان کردہ تیل پر دوسری سبسڈی ہے۔

اس سے قبل اپریل میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے تھے، جن میں مفت ٹرانسپورٹ، کرایوں کا منجمد کیا جانا اور ہدفی سبسڈیز شامل تھیں۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں آ رہی اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اس ہفتے یمن تک پھیل گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران کے اتحادی حوثیوں نے جمعے کو آبنائے باب المندب میں واقع اہم جزیرے پریم تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ یمنی حکومت کے چار ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ حوثیوں کی یہ پیش قدمی خطے میں جاری وسیع تر جنگ کے دوران عالمی جہاز رانی کے ایک اہم راستے پر ان کی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش ہے۔

آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کا ایک اہم داخلی راستہ ہے اور بین الاقوامی بحری تجارت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ شمار ہوتا ہے۔

یمن کی فوج نے جمعرات کو خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کی حمایت یافتہ حوثی فورس نے اس اہم آبی گزرگاہ کے ساحلی علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا تو اس سے سمندری آمدورفت، بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت