سعودی عرب میں حوثی حملے سے پاکستانی طیاروں کو نقصان پہنچنے کی خبریں ’جھوٹ‘

پاکستان نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا جن کے مطابق حوثی میزائلوں نے سعودی عرب کے فضائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں کو نقصان پہنچایا۔

پاکستان فضائیہ کے جے ایف-17 لڑاکا طیارے 10 فروری، 2025 کو کراچی کے قریب بحیرہ عرب میں کثیر ملکی بحری مشق ’امن-25‘ کے دوران پرواز کرتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان نے اتوار کو ان رپورٹس کو مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حوثی میزائلوں نے سعودی عرب کے ایک فضائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) کے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کو نقصان پہنچایا۔

پاکستان نے ان دعوؤں کو ’بالکل جعلی‘ قرار دیا ہے۔

پاکستان نے گذشتہ سال ستمبر میں سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مشترکہ دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت وہاں فوجی اہلکار اور سازوسامان تعینات کر رکھا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اس ہفتے سوشل میڈیا کے بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ ایران کے اتحادی یمن کے حوثیوں نے ظہران میں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر میزائل حملہ کیا، جس سے وہاں تعینات پاکستانی جے ایف-17 کے تین لڑاکا طیاروں کو نقصان پہنچا۔

پاکستان کی وزارت اطلاعات نے اتوار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں ان دعوؤں کو ’جھوٹا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کچھ ’انڈین پروپیگنڈا ایس ایم اے (سوشل میڈیا اکاؤنٹس)‘ ایسی جعلی معلومات پھیلانے میں ملوث ہیں۔

وزارت نے کہا ’کسی معتبر یا سرکاری ذریعے نے بھی پی اے ایف کے جے ایف-17 طیاروں کو کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں دی۔

’پی اے ایف کے طیاروں کو پہنچنے والے نقصان اور انہیں مبینہ طور پر وہاں سے منتقل کیے جانے کی من گھڑت خبر صرف کھلا انڈین پروپیگنڈا ہے۔‘

نئی دہلی نے فوری طور پر اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جمعرات کو ایک حوثی ڈرون کا ملبہ، جسے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا، طائف میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ایک یمنی شہری جان سے گیا جبکہ ایک سعودی خاتون اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔

پاکستانی شہری کو شدید زخمی حالت میں بتایا گیا۔ کئی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ واقعہ سعودی فضائی دفاع کی جانب سے مکہ کے جنوب میں ایک ڈرون کو روکنے کے دو روز بعد پیش آیا۔

حکام کے مطابق یہ ڈرون مقدس شہر کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

سعودی حکام نے اس حملے کی کوشش کو ایک بڑی کشیدگی قرار دیا۔

سعودی حکام کے مطابق اس ماہ کے آغاز میں ملک کے جنوبی حصے پر حوثیوں کے حملوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے اور توانائی سے متعلق تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان