سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعے کو بتایا ہے کہ آٹھ اکتوبر کو دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے دو حملوں میں ایک پائلٹ سمیت تین سعودی شہری جان سے گئے جبکہ سعودی ایئرلائنز کا ایک طیارہ بھی متاثر ہوا۔
یمن میں سرگرم حوثیوں نے ریاض ایئرپورٹ پر حملے کا دعویٰ کیا تھا، جنہوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے مختلف مقامات پر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا: ’پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسرے حملے کا ہدف سعودی ایئرلائنز کا ایک طیارہ تھا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں بتایا گیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں 3 سعودی شہری جان سے گئے جبکہ سعودی اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے رہائشی زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سعودی ایئر لائنز نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں جان سے جانے والوں میں اس کے ایک پائلٹ بھی شامل تھے، جن کی شناخت کیپٹن حمود علی الکثامی کے نام سے کی گئی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق حملے میں ایئرپورٹ پر زمین پر کھڑے اس کے ایک طیارے کو بھی نقصان پہنچا، تاہم اس وقت طیارے میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’اتھارٹی نقصان کا جائزہ مکمل کرنے، تنصیبات کی حفاظت کی تصدیق کرنے اور مسافروں و عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی غرض سے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ مملکت کے شہری ہوا بازی کے نظام کی سکیورٹی اور حفاظت برقرار رکھی جا سکے۔‘
بیان میں یہ تصدیق بھی کی گئی کہ ایئرپورٹ پر آپریشنز بحال ہو چکے ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔
#Statement Two attacks targeted King Khalid International Airport facilities and a Saudia aircraft. #GACA https://t.co/6YnBN717Cw
— هيئة الطيران المدني (@ksagaca) October 9, 2026
ریاض ایئرپورٹ پر رواں ہفتے یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل سات اکتوبر کو بھی ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے دو الگ الگ حملوں میں دو خواتین سمیت تین افراد جان سے گئے تھے جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل تھا۔
حالیہ ہفتوں میں حوثیوں نے سعودی عرب پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں، جس میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ردعمل میں سعودی قیادت میں فوجی اتحاد نے حوثیوں کے خلاف جوابی کارروائیوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے جمعرات کو بتایا تھا کہ سعودی عرب میں شہری تنصیبات پر حالیہ حملوں کے جواب میں یمن بھر میں 82 فوجی اہداف تباہ کر دیے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کو ’سزا کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔‘
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا ریاض کے لیے فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے نے ریاض کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا ہے۔‘
بیان میں مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786-786 -111 پر رابطہ کریں۔