ماڑی انڈس میں ہیروں کا قلعہ کہاں گیا؟

مانی کوٹ کے مندر پہاڑ کے اوپر اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ ماڑی انڈس شہر سے ان خوبصورت مندورں تک آنے والا راستہ جو کبھی آسوں امیدوں سے چہکتا اور مہکتا ہوگا، وہاں غروب آفتاب کا منظر اب بھی دل نشین ہے مگر اب نہ وہ چہک ہے نہ مہک۔

مانی کوٹ کا چھوٹا مندر جسے مسلسل توڑا جا رہا ہے (تصویر: سجاد اظہر)

کالا باغ، دریائے سندھ جب پہاڑوں سے اتر کر پنجاب کے میدانوں میں داخل ہوتا ہے تو کوہِ نمک یہاں اسے اپنی آخری سلامی پیش کرتا ہے۔ اس سلامی کے مناظر مبہوت کردینے والے ہیں۔ نمک اور جپسم کے پہاڑیوں کی تراش خراش سے لگتا ہے کہ پہاڑوں نے اپنی شہزادیاں دریائے سندھ کو الوداع کرنے کے لیے قطار اندر قطار ایستادہ کر دی ہیں۔

دریا کنارے ٹی ڈی سی پی کے ریزورٹ میں پورے چاند کا عکس جب جناح بیراج کی جھیل پر پڑتا ہے تو لگتا ہے کہ پانی نہیں سونا بہہ رہا ہے۔

کالا باغ کو یا تو ہم اس ڈیم سے جانتے ہیں جو سیاست کی نذر ہو گیا اور یا پھر نواب آف کالا باغ کے نام سے جانتے ہیں، جن سے منسوب افسانوں میں دہشت ہے یا وحشت ہے۔ ہم کالا باغ کو اس تاریخ سے نہیں جانتے جو سلاگر پہاڑ کے بالمقابل ماڑی انڈس کی پہاڑی پر بکھری پڑی ہے، جن کے نیچے نمک ہے اور اوپر صدیاں سیلن زدہ ہوئی پڑی ہیں۔

لوگ انہیں ماڑی انڈس کے مندر کہتے ہیں اور اس کے ساتھ موجود ایک عمارت کی باقیات کو اشوک کا محل اور بعض اسے ہیروں کا قلعہ کہتے ہیں، لیکن تاریخ اس بارے میں کیا کہتی ہے؟ اس حوالے سے میانوالی کا ڈسٹرکٹ گزیٹیئر ہی ایک بنیادی حوالہ بنتا ہے۔

مانی کوٹ کا قلعہ بند شہر

نیچے بل کھاتے دریا کے سامنے پہاڑوں کے دامن میں ماڑی انڈس کا تاریخی قصبہ ہے۔ اس پہاڑی کے دامن میں دو مندر اپنی انتہائی خستہ حالت میں کھڑے ہیں، جن کے دروازے غائب ہیں۔ اندر ٹوٹ پھوٹ سے لگتا ہے کہ کوئی بت شکن فوج یہاں سے گزری ہے۔

مندر کے خوبصورت نقش و نگار اپنے بنانے والوں کی کاریگری اور عقیدت کا ایک ایسا اظہار ہیں جس پر جتنا زیادہ غور کریں اتنی ہی حیرت بڑھتی جاتی ہے۔ ماڑی کے آثار کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ برطانوی ماہر آثار قدیمہ الیگزینڈر کننگھم نے 1878 اور 1879 کے دوران اس مقام کا دورہ کیا تھا۔

محکمہ آثار قدیمہ کی ویب سائٹ کے مطابق کننگھم نے یہاں کئی مندروں کے آثار دیکھے تھے۔ ان میں ایک بڑی عمارت تین حصوں پر مشتمل تھی جنہیں داخلی ہال، مرکزی ہال اور عبادت گاہ کے طور پر شناخت کیا گیا۔

ایک روایت ان مندروں کو ہنو مان سے جوڑتی ہے شاید اسی نسبت سے یہ ہنو مان سے مانی ہوا اور پھر اس کے ساتھ کوٹ لگ گیا۔ سنسکرت میں کوٹ، قلعے کو کہتے ہیں۔

کسی زمانے میں یہاں فصیلوں کے اندر ایک بڑا کمپلیکس تھا جس کے آثار ان مندروں سے اوپر ایک ٹوٹی پھوٹی عمارت کی صورت میں اب بھی موجود ہیں۔ ماڑی کے ان آثار کے ساتھ کئی مقامی داستانیں بھی وابستہ ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

1915 کے میانوالی گزٹیئر کے مطابق یہ عمارتیں مہا بھارت کے زمانے میں پانڈوؤں نے اپنی جلاوطنی کے دوران تعمیر کی تھیں۔ تاہم ان مقامی روایات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی تاریخی ثبوت موجود نہیں۔

ایک اور روایت کے مطابق ان مندروں میں ایک فقیر ناگا ارجن یا ناگا ادھار نے قیام کیا تھا، جس سے بعض مافوق الفطرت روایات بھی نسل درنسل چلی آتی ہیں۔ اس کی وفات کے بعد اس کی باقیات ان میں سے ایک عمارت میں دفن کی گئیں جبکہ دوسری عمارت میں اس کے کسی شاگرد کی باقیات رکھے جانے کا ذکر ملتا ہے۔

گزٹیئر کے مطابق مقامی ہندو ان عمارتوں کو ناگا ارجن کی سمادھی سمجھتے تھے جس کی دیکھ بھال بیراگی سادھوؤں کے پاس تھی۔ امریکی ماہر آثار قدیمہ مائیکل ڈبلیو میسٹر نے ان مندروں کو سالٹ رینج کے مندروں سے مشابہہ قرار دیا ہے جو چھٹی سے دسویں صدی عیسوی کے درمیان بنائے گئے تھے، جب یہاں ہندو شاہیہ دور تھا۔

بیساکھی کے موقعے پر یہاں میلہ بھی منعقد ہوتا تھا تاہم یہاں جو آثار بکھرے پڑے ہیں، ان کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہاں کسی بادشاہ یا بادشاہ کے نائب کا قلعہ تھا جہاں سے وہ ارد گرد کے وسیع علاقے پر حکومت کرتا تھا۔

مقامی روایات یہاں اشوک کے محل کو بھی بیان کرتی ہیں۔ اشوک موریہ سلطنت کا مشہور حکمران تھا جس نے تیسری صدی قبل مسیح میں برصغیر کے ایک بڑے حصے پر حکومت کی اور بدھ مت کی سرپرستی کے باعث تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

کالا باغ ڈائمنڈز کیا محض ایک افسانہ ہیں؟

میانوالی کے ڈسٹرکٹ گزٹیئر میں اس پہاڑی کا نام منیوٹ لکھا ہوا ہے جسے مانی کوٹ کی بگڑی شکل قرار دیا گیا ہے۔ سنسکرت میں مانی کے معنی قیمتی پتھر یا ہیرے کے ہیں۔ اس پہاڑی پر کالا باغ ڈائمنڈ پائے جاتے تھے اسی لیے اسے ہیروں کا قلعہ کہا جاتا تھا۔

یہاں کے کھنڈرات سے قدیم سکوں کی دریافت کا ذکر بھی موجود ہے۔ ان میں چاندی کے کچھ سکوں پر ایک طرف گھوڑے اور دوسری طرف بیل کی تصویر بنی ہوئی تھی۔ تاہم یہ ہیرے کیا تھے؟ کہاں سے نکلتے تھے؟ اس بارے میں کوئی واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

دریائے سندھ کی ریت میں سونے کی تلاش کا کام آج کل زوروں پر ہے۔ صدیوں پہلے بھی لوگ یہاں کی ریت سے سونا نکالتے تھے اور دریا کی تہہ میں موجود پتھروں میں جوہرات تلاش کرتے تھے۔ شاید یہاں جس بادشاہ کا محل ہو گا اس میں جوہرات کثرت سے استعمال کیے گئے ہوں۔

اس محل کے احاطے میں مندر بھی تھے جہاں لوگ دور دراز سے آکر موتیوں اور جواہرات کی شکل میں چڑھاوے چڑھاتے ہوں گے۔ کچھ قرینِ قیاس نہیں کہ اس محل میں کرسٹل استعمال ہوا ہو، جس کی چمک دمک کی وجہ سے لوگ اسے ہیروں کا قلعہ کہتے ہوں۔

ماڑی انڈس کے بزرگ کہتے ہیں کہ قیام پاکستان سے پہلے دریا سے ہاتھیوں کے ذریعے پانی اوپر ان مندروں تک پہنچایا جاتا تھا جبکہ قدیم روایات کے مطابق دریا سے پہاڑی کے اوپر پانی پہنچانے کا کوئی حیرت انگیز نظام بھی کام کرتا تھا۔

قلعے کی بعض دیواریں جو مٹی کے اندر دھنسی ہوئی ہیں وہاں خزانے کے متلاشی افراد کی جانب سے کی جانے والی کھدائیوں کی وجہ سے بعض دیواریں اپنی اصلی حالت میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ محکمہ آثارِ قدیمہ اگر یہاں خود کھدائیاں کرے تو شاید بہتر اندازہ ہو سکے کہ یہ قلعہ کتنا قدیم ہے اور اس کے اندر مزید کیا کچھ ہے۔

ماڑی انڈس اور کالا باغ کو جس طرح پانی چھو کر گزرتا ہے اس سے لگتا ہے کہ یہ قصبے کئی بار تباہ ہوئے ہوں گے اور کئی بار نئے سرے سے آباد ہوئے ہوں گے۔ اگر اس تباہی سے کوئی چیز بچ گئی ہو گی تو وہ یہ ہی پہاڑی اور اس پر واقع ایک عظیم الشان کمپلیکس ہو گا۔

میانوالی کے گزٹیئر کے مطابق روکھڑی میں جو ماڑی انڈس سے 35 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، 1868 میں دریا نے اپنا راستہ تبدیل کیا تو لوگوں نے دیکھا کہ دریا کے نیچے سے مجسموں کے سر، انسانی دھڑ، تانبے کے سکے، مٹی کے برتن، ہاتھی دانت اور سونے کے نقش و نگار والی سفید پلاسٹر کی باقیات ملی تھیں، جو شاید کسی وقت ماڑی انڈس یا کالا باغ سے بہہ کر ہی پہنچی ہوں۔

امیر عبداللہ روکھڑی جو میانوالی کے نامور سیاست دان اور کالم نگار گزرے ہیں وہ لکھتے ہیں کہ ’جب وہ پرائمری سکول میں پڑھتے تھے تو دریا سے بدھا کا ایک عظیم الجثہ مجسمہ برآمد ہوا جو ایک چبوترے پر کھڑا تھا مگر افسوس کہ علاقے کے سادہ لوح لوگوں نے بت شکنی کی رسم ادا کرتے ہوئے اسے ریزہ ریزہ کر دیا۔‘

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بت ماڑی انڈس یا کالا باغ سے ہی بہہ کر روکھڑی تک پہنچا ہو گا۔

تاریخ ہم میں کھو گئی ہے!

انگریزوں نے ماڑی انڈس سے ایک تنگ ریلوے لائن ٹانک تک بچھائی جس سے وزیرستان اور افغانستان تک فوجی اور اسلحے کی ترسیل آسان ہو گئی تھی۔ ماڑی انڈس سے کچھ پیچھے دریائے سندھ کے کنارے ایک اور تاریخی قصبہ مکھڈ اور پھر اٹک واقع ہیں۔

قدیم دور میں جب دریا ہی رسل و رسائل کے ذرائع تھے تو اٹک سے مکھڈ اور پھر ماڑی انڈس بڑی بندر گاہیں تھیں، جہاں سے تجارتی جہاز گزرتے تھے۔ فارس کے فاتحین ہوں یا یونانی و وسط ایشیائی، جس کسی نے ان تجارتی راستوں کا کنٹرول سنبھالا ہو گا، وہی سکندر کہلایا ہو گا۔

صدیوں پہلے کا انسان کتنا خوش جمال تھا کہ اس نے ہمیشہ حسین ترین مناظر کو اپنی بود و باش کے لیے منتخب کیا۔ آج پہاڑ وہی ہیں مگر یہاں ویرانیوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اسلام آباد سے محض دو گھنٹے کی مسافت پر اتنے خوبصورت مقام پر سیاح کیوں نہیں آ رہے؟

اسی دوران میرے فون کی گھنٹی بجتی ہے۔ دوسری طرف میرا دوست ہے جو پچھلے ہفتے ہی سمرقند پہنچا ہے۔ سلام دعا کے بعد کہتا ہے کہ یار یورپ بھی دیکھا ہے امریکہ بھی گیا ہوں لیکن سمرقند، تاشقند اور بخارا لاجواب ہیں۔ یہاں کی صفائی، خوش اخلاقی اور تنوع دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے۔ مسجدیں بھی آباد ہیں اور ان کے ساتھ مے خانے بھی دنیا بھر کے سیاحوں سے چھلک رہے ہیں۔ تھیٹر بھی پر رونق  ہیں اور امام بخاری کا مزار بھی۔ پاکستان میں ایسا کب ہو گا؟

میں اپنے دوست کو یہ بتانے سے قاصر ہوں کہ ہم نے تو یہ سماجی تنوع عرصہ ہوا ختم کر دیا تھا۔ مانی کوٹ کے مندر پہاڑ کے اوپر اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ ماڑی انڈس شہر سے ان خوبصورت مندورں تک آنے والا راستہ جو کبھی آسوں امیدوں سے چہکتا اور مہکتا ہوگا وہاں غروب آفتاب کا منظر اب بھی دل نشین ہے مگر اب نہ وہ چہک ہے نہ مہک۔ بس دکھ ہے، بین ہیں اور وچھوڑا ہے۔ ہم تاریخ میں کھوئے ہیں اور تاریخ ہم میں کھو گئی ہے۔

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی تاریخ