پاکستانی بچے نے ایک بھارتی کا ریکارڈ کیسے توڑا؟

11 سالہ ایماز علی ابڑو نے ایک بھارتی نوجوان کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک منٹ میں مختلف ممالک کی نقشے دیکھ کر 57 کے صحیح نام بتا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں نام درج کروا لیا۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی 11 سالہ ایماز علی ابڑو نے بھارتی نوجوان کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک منٹ میں مختلف ممالک کی نقشوں کی آؤٹ لائن کو دیکھ کر 57 ممالک کے نام  صحیح بتا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

 اس کامیابی کے بعد ایماز کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا ہے۔

ایماز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہوں نے دو ماہ کے اندر اس ریکارڈ کی تیاری مکمل کی اور اس دوران دن رات یہ ریکارڈ توڑنے کی محنت کرتے تھے۔

ایماز کے مطابق تمام ممالک کے نقشوں کی مشابہت کسی نہ کسی چیز میں ہوتی ہے اور وہ انہیں یادکرنے کے لیے اس ہی تکنیک کا استعمال کرتے تھے۔ مثال کے طور پر پاکستان کا نقشہ ڈایناسور میں، بھارت کا آتش فشاں پہاڑ میں، کمبوڈیا کا نقشہ بلی میں اور آرمینیا کا لڑکی کے چہرے میں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایماز کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے لیےنوبل امن انعام حاصل کریں اور پاکستان کا مثبت تاثر دنیا کے ہر کونے تک پہنچائیں۔

 ایماز کے والد امتیاز علی ابڑو جو کہ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی بھی ہیں نے ہمیں بتایا کہ مستقبل میں ایماز اور بھی علمی ریکارڈ بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایماز چیلنج کے لیے تیار ہیں، اگر کوئی اور ان کا ریکارڈ توڑتا ہے تو ایماز نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیں گا۔

ایماز کے چھوٹے بھائی بھی سپورٹس کے مختلف مقابلوں میں عالمی ریکارڈ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل