پاکستانی ایٹمی پروگرام کے لیے ’سمگلنگ‘: 5 ملزموں پر فرد جرم عائد

بین الاقوامی نیٹ ورک چلانے والے ان افراد پر الزام ہے کہ وہ راولپنڈی میں ’بزنس ورلڈ‘ کے نام سے ایک فرنٹ کمپنی آپریٹ کر رہے تھے۔

پانچوں ملزمان  کے خلاف چالان کی سربمہر فائل بدھ کو کھولی گئی اور ان کے وارنٹ گرفتاری ابھی تک زیر التوا ہیں(اے ایف پی)

امریکہ نے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے لیے مبینہ طور پر امریکی مصنوعات خرید کر پاکستان بھجوانے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کے پانچ افراد پر فرد جرم عائد کر دی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان ڈیمرز نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’مدعا علیہان سالوں سے امریکی مصنوعات کو پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام سمیت ان اداروں کو سمگل کر رہے تھے، جن کو امریکہ اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔‘

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ گرینڈ جیوری نے ان پانچ ملزموں کے خلاف فرد جرم اکتوبر میں عائد کی تھی اور یہ پانچوں افراد امریکہ سے باہر رہتے ہیں جن کو تاحال گرفتار بھی نہیں کیا جا سکا۔

ان افراد کے خلاف چالان کی سربمہر فائل بدھ کو کھولی گئی اور ان کے وارنٹ گرفتاری ابھی تک زیر التوا ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اے ایف پی کے مطابق بین الاقوامی نیٹ ورک چلانے والے ان افراد پر الزام ہے کہ وہ راولپنڈی میں ’بزنس ورلڈ‘ کے نام سے ایک فرنٹ کمپنی آپریٹ کر رہے تھے۔

ان افراد کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ محمد کامران، کینیڈا کے 48 سالہ محمد احسن ولی اور 82 سالہ حاجی ولی محمد شیخ، ہانگ کانگ کے اشرف خان محمد اور انگلینڈ کے 52 سالہ احمد وحید شامل ہیں۔

ان افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ اور ایکسپورٹ کنٹرول ریفارم ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔

امریکہ کے ڈیپارٹمٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے سپیشل ایجنٹ جیسن مولینا کا کہنا ہے کہ ’ان پانچ افراد کے مبینہ اقدام سے امریکی برآمدات کے قوانین کی خلاف ورزی سے بھی بڑا جرم ہوا ہے۔‘

’اس سے نہ صرف امریکہ کے قومی سلامتی کے مفادات کو خطرہ لاحق ہوا بلکہ یہ خطے کے ممالک کے مابین طاقت کے نازک توازن کے لیے بھی ممکنہ خطرہ ہے۔‘

فرد جرم کے مطابق، ستمبر 2014 اور اکتوبر 2019 کے درمیان پانچوں افراد نے پاکستان کے جوہری توانائی کمیشن اور ایڈوانسڈ انجینیئرنگ ریسرچ آرگنائزیشن کے لیے برآمدی لائسنس کے بغیر امریکی سامان حاصل کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ