ملتان میں پی ایس ایل کو ویلکم کرنے کی سپیشل تیاریاں

پی ایس ایل 5 کے تین میچ ملتان میں کھیلے جا رہے ہیں، جہاں چند خصوصی بچے بھی اس ایونٹ کے لیے خاص تیاریاں کر رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پچھلے چار سال سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جاتی رہی ہے۔ اس دوران کچھ لوگ وہاں جا کر میچ دیکھنے کی تیاریاں کرتے تھے اور باقی یہیں ملک میں ٹی وی کے آگے بیٹھ کر میچ دیکھنے کی تیاری۔

مگر اس مرتبہ صورتحال یکسر مختلف ہے کیونکہ سارے میچ پاکستان میں ہی ہو رہے ہیں لہٰذا تیاریوں کی نوعیت بھی بدل گئی ہے۔

ایک تو سب کو ہی سٹیڈیم جانا ہے، جس کے لیے اپنی پسندیدہ ٹیم کی شرٹ بھی ہونی چاہیے، پوسٹر، فیس پینٹ، پلے کارڈز، باجے اور کھابے وغیرہ وغیرہ۔۔۔۔۔

تمام میچ پاکستان میں ہونے کی خوشی تو بہت ہے  مگر پشاور اور کوئٹہ کو میچ بالکل نہ ملنے اور ملتان کو صرف تین میچ دیے جانے کا تھوڑا افسوس ضرور ہے۔

چلیں چھوڑیں ان باتوں کو۔ ہم آپ کو آج ملتان کے ان بچے بچیوں سے ملواتے ہیں جو بہت ہی خاص ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’سوسائٹی فار سپیشل پرسنز‘ کے یہ بچے اپنے انداز میں پاکستان سپر لیگ کا خیرمقدم کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

ان میں بعض بچے قوت گویائی، کچھ قوت سماعت سے یا تو پوری طرح یا پھر جزوی طور پر محروم ہیں۔

’سوسائٹی فار سپیشل پرسنز‘ کی یوتھ کو لیڈ کرنے والے فیصل یوسف کہتے ہیں کہ پی ایس ایل فائیو اس مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں ہونے جا رہی ہے۔ ’ہمیں خوشی ہے کیونکہ ہمارے ہاں انٹرٹینمنٹ بہت کم ہے، خاص کر یوتھ کے لیے۔ ایسے میں پاکستان سپر لیگ کا ہونا خوش آئند ہے اور کرکٹ وہ واحد کھیل ہے جو یوتھ کے لیے انٹرٹینمنٹ کا بہترین ذریعہ ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ملتان میں پی ایس ایل کے تین میچ ہونے جا رہے ہیں اور وہ زیادہ جوش و خروش کے ساتھ اس کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

’ہم ملتان سلطان سمیت تمام ٹیموں کو ملتان میں ویلکم کرنے کے لیے ٹی شرٹس، کیپ اور ویلکم کارڈز بنا رہے ہیں اور یوتھ کا جو پوائنٹ ہے وہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم سے کچھ ہی فاصلے پر ہے۔ ہم میچ کے دن کھلاڑیوں اور سٹیڈیم آنے والے شائقین کو ٹی شرٹس اور کیپ دیں گے۔ شائقین چونکہ پورے جنوبی پنجاب سے آئیں گے اسی لیے ہم انھیں بھی ویلکم کریں گے۔‘

اسی یوتھ گروپ کے ایک اور رہنما مہران نواز نے بتایا کہ پی ایس ایل کی چھ ٹیموں کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ آئس کریم سٹکس کو رنگ کر کے ویلکم کارڈز بنا رہے ہیں، چونکہ ملتان کا رنگ سبز ہے تو اس کو سبز رنگ دیا ہے اور اس طرح وہ پورے پی ایس ایل کے رنگوں کا استعمال کر رہے ہیں۔

’ہمیں خوشی ہے کہ پی ایس ایل کے میچ ملتان میں ہو رہے ہیں جو کہ ملتان کے لیے اچھا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل