ایک فرانسیسی عجائب گھر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی مشہور ترین پینٹنگ مونا لیزا سے مشابہ ایک عریاں ڈرائنگ ممکنہ طور پر خود لیوناردو ڈا ونچی کی بنائی ہوئی ہے۔
لوور میوزیم کے ماہرین نے کہا ہے کہ چارکول سے بنی ’مونا وارنا‘ نامی یہ ڈرائنگ، جس کے بارے میں پہلے خیال کیا جاتا تھا کہ اسے لیوناردو کے کسی شاگرد نے بنایا ہے، اس قدر مہارت سے بنائی گئی ہے کہ عین ممکن ہے اسے خود استاد نے تخلیق کیا ہو۔
پیرس میں واقع لوور میوزیم کے ایک منتظم میتیو دیلدیکوے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اس بات کا قوی امکان ہے کہ ڈرائنگ کا بڑا حصہ خود لیوناردو نے بنایا۔ یہ اعلیٰ معیار کا کام ہے جو کسی بڑے آرٹسٹ کا کیا ہوا لگتا ہے۔‘
دیلدیکوے نے اس ڈرائنگ پر اس تحقیق کا آغاز کیا تھا جو کئی ماہ تک جاری رہی اور اس میں کئی ماہرینِ فنونِ لطیفہ، سائنس دانوں اور تاریخ دانوں نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈرائنگ میں ہاتھ اور جسم کی پوزیشن ایسی ہے جو مونا لیزا سے بےحد ملتی جلتی ہے۔
ڈرائنگ کے خوردبین سے لیے گئے جائزے سے معلوم ہوا کہ اس کی لکیریں بائیں اوپری حصے سے دائیں نچلے حصے کی طرف چلتی ہیں جو عام طور پر بائیں ہاتھ سے کام کرنے والے مصور کرتے ہیں۔ لیوناردو تاریخ کے مشہور ترین بائیں ہاتھ والے مصور ہیں۔
اس سے قبل تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ یہ ڈرائنگ لیوناردو کی زندگی میں بنائی گئی تھی۔