کیا کائلی جنر صرف ’کاروبار‘ سے ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوئیں؟

ارب پتی افراد کی اس لسٹ میں کائلی کا نمبر 2057 ہے۔ یہ درجہ بندی کل 2153 افراد کی فہرست پر مشتمل تھی۔

فوٹو، سٹیون کلین

مشہور کاروباری جریدے فوربس کے مطابق مشہور اداکارہ کائلی جنر 21 برس کے سن میں کم عمر ترین ارب پتی خاتون بن چکی ہیں۔

فوربس نے یہ اعلان گذشتہ منگل اپنی سالانہ درجہ بندی کے بعد کیا ہے۔ یہ درجہ بندی ہر سال دنیا بھر کے امیر ترین افراد کی فہرست بنانے کے بعد کی جاتی ہے۔

دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کم عمر ترین خود برداختہ (اپنے زور بازو پر) ارب پتی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔  

نومبر 2015 میں شروع ہونے والے اس کاروبار کی ابتدا انہوں نے لپ کٹس (لپ اسٹک کی ایک قسم) بیچنے سے کی تھی جن کی ابتدائی قیمت 29 ڈالر فی لپ کٹ رکھی گئی۔

اس وقت کائلی جنر کا یہ ادارہ 90 کروڑ ڈالر کے اثاثے رکھتا ہے۔

فوربس کی اس رپورٹ کے مطابق کمپنی کے منافع میں غیر معمولی اضافے کی وجہ 'ال ٹا' نامی کاروباری ادارے سے کاروباری معاہدہ بھی تھا۔ اس معاہدے کی وجہ سے کیلی جنر کا وہ کاروبار جو پہلے صرف آن لائن اپنی مصنوعات کی فروخت پہ منحصر تھا، اب اس کی مصنوعات 'ال ٹا' کی ایک ہزار سے زیادہ دکانوں/سٹالز پر دستیاب ہیں۔

21 برس کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے والی کائلی جنر نے 23 سال کی عمر میں یہ منزل سر کر لینے والے مارک زکربرگ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

 ان کے ارب پتی ہونے میں کاروبار کے علاوہ اس ٹی وی شو کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے جو دنیا بھر میں Keeping Up with the Kardashians  کےنام سے دیکھا جاتا ہے۔

اس ٹی وی شو سے کردشن خاندان کے لوگ معقول آمدنی حاصل کرتے ہیں۔

ارب پتی افراد کی اس لسٹ میں کائلی کا نمبر 2057 ہے۔ یہ درجہ بندی کل 2153 افراد کی فہرست پر مشتمل تھی۔

'اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر سراہے جانا یقینا اچھا لگتا ہے لیکن میں مستقبل کے بارے میں کوئی خاص دعوی نہیں کر سکتی۔ میں اتنی پیش بین نہیں ہوں۔' کائلی جنر نے اپنے بیان میں کہا۔

کم کردشن کی بہن ہونے کی وجہ سے کائلی جنر کو بہت مقامات پر اس چبھتے ہوئے سوال کا سامنا رہا کہ یہ کامیابی کیا واقعی صرف انہوں نے اکیلے اپنے زور بازو پہ حاصل کی ہے؟ اس امر کی وضاحت 2018 میں فوربس کی طرف سے ان الفاظ میں سامنے آئی تھی۔ 'ابتدائی دنوں میں کائلی جنر کو اپنے خاندان کے نام سے مشہور ہونے میں فائدہ ضرور ہوا لیکن بعد میں ان کی تمام کاروباری کامیابی صرف اور صرف ان کے اپنے مرہون منت تھی۔ '

زیادہ پڑھی جانے والی دفتر