لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں واقع سفاری پارک میں شیروں نے ایک 18 سالہ نوجوان پر حملہ کرکے ہلاک کردیا۔
سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شفقت نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مقامی گاؤں کے رہائشی 18 سالہ بلال ولد محمد شریف دو روز سے لاپتہ تھے۔
’آج صبح جب سفاری پارک کے ملازمین شیروں کو ان کے میدان میں خوراک ڈال رہے تھے تب انہیں انسانی اعضا نظر آئے جس پر انہوں نے انتظامیہ کو اطلاع دی اور پولیس کو بھی موقع پر بلا لیا گیا۔‘
گھر والوں کے مطابق بلال پیر کی شام گھر سے گھاس کاٹنے نکلے تھے لیکن واپس نہیں آئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شفقت کا کہنا تھا: ’یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ وہ نوجوان حفاظتی جنگلے عبور کرکے اندر کیسے گیا؟ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ شیروں کا ہی شکار ہوا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی گذشتہ دنوں کی فوٹیج کو بھی چیک کیا جائے گا، جس کی مدد سے اس معاملہ کی تہہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی، تاہم پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
جب اس سلسلے میں رائے ونڈ پولیس سے رابطہ کیا گیا تو وہاں کے محرر نے بتایا کہ نوجوان دو دن سے غائب تھا اور معاملے کی تحقیق جاری ہے۔
سفاری پارک میں شیروں کی موجودگی کوئی نئی بات نہیں۔ اس پارک میں آنے والوں کے لیے انہیں دیکھنے کا ایک طریقہ کار ہے جس میں انہیں ایک بند بس میں بٹھا کر اس میدان میں لے جایا جاتا ہے جہاں شیر رکھے گئے ہیں۔
ان میدانوں میں شیر کھلے پھرتے ہیں، جن کے گرد لوہے کے قدآور جنگلوں کا حصار ہے. میدان میں بس ایک بڑے دروازے کے ذریعے داخل ہوتی ہے اور بس کے اندر داخل ہوتے ہی لوہے کا اونچا لمبا، بھاری بھرکم دروازہ بند کر دیا جاتا ہے۔