پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کی نااہلی کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائی کورٹ نے علی وزیر کو نا اہل قرار دینے کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اس کے لیے یہ متعلقہ فورم نہیں ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ علی وزیر  کو بطور رکن اسمبلی اپنے حلف پر قائم رہتے ہوئے ملک کے خلاف بیان نہیں دینا چاہیے (فیس بک)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی نااہلی کی درحواست خارج کر دی ہے۔

یہ درخواست عبدالولی نامی ایک شہری کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں انہوں نے پشون تحفظ موومنٹ پر پابندی کی بھی استدعا کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے منگل کو درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ علی وزیر سے درخواست گزار کیسے متاثر ہو رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اس کا ایک طریقہ کار موجود ہے۔

 وکیل خرم چغتائی نے دلائل دیے کہ درخواست گزار اس ملک کا باعزت شہری ہونے کی وجہ سے متاثرہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وکیل کے بقول: ’کیونکہ پی ٹی ایم اور ان کے رہنما علی وزیر ریاست اور اداروں کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ علی وزیر کو ریاست مخالف اور غیر آئینی تقریروں پر آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل کیا جائے۔‘

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جواب میں کہا کہ ہر فرد جو ملک میں رہ رہا ہے وہ اس ریاست کے ساتھ مخلص ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے مزید کہا: ’یہاں پہلے ہی بہت سے زیر التوا کیسز ہیں۔ نا اہلی کے لیے یہ متعلقہ فورم نہیں ہے۔ چونکہ درخواست گزار کا حق دعویٰ ثابت نہیں ہو رہا اس لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دی جاتی ہے۔‘

واضح رہے کہ یہ درخواست، علی وزیر کی چارسدہ میں کی جانے والی ایک تقریر کے خلاف دائر کی گئی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر لاہور، اسلام آباد اور جی ایچ کیو کو تباہ کرنے کی باتیں کی تھیں۔ سوشل میڈیا پر بھی پشتو زبان میں کی گئی اُس تقریر کی ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھا۔

درخواست گزار نے درخواست میں وزارت دفاع، وزارت اطلاعات، وزارات داخلہ، پارلیمانی افئیرز، الیکشن کمیشن اور فرنٹیئر ریجن کو فریق بنایا تھا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ علی وزیر قومی اسمبلی کے رکن ہیں اور اُن کو بطور رکن اسمبلی اپنے حلف پر قائم رہتے ہوئے ملک کے خلاف بیان نہیں دینا چاہیے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان