پاکستان سپر لیگ کو رفتہ رفتہ ہی سہی لیکن اب یہ کہا جا سکتا ہے کہ ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی بھی پسند کرنے لگے ہیں اور اس کا ایک ثبوت تو رواں سال بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آنا ہی ہے۔
گذشتہ تین سیزنز میں تو ڈیرن سیمی واحد غیر ملکی کھلاڑی تھے جنھوں نے یقینی طور پر پاکستان سپر لیگ کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
تاہم بعد میں دیگر کھلاڑی بھی ان کا ساتھ دینے کے لیے آگے بڑھتے رہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان سپر لیگ میں 30 سے زائد غیرملکی کھلاڑی اختتامی میچوں کے لیے کراچی میں موجود ہیں۔
تقریباً تمام ہی کھلاڑی اس لیگ کے دوران اپنی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہی رہے ہیں، لیکن ایک بار پھر ایک ویسٹ انڈین کھلاڑی سب سے آگے نکل گئے ہیں۔
’چیمپیئن سے وی دی گلیڈی ایٹرز‘
ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر ڈوئن براوو اب زیادہ تر اپنے نئے نام یعنی ’ڈی جے براوو‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
جس کی وجہ 2016 میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے لیے سامنے آنے والا ان کا گانا ’چیمپیئن‘ ہے جس کے بعد اب انھوں نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بھی کچھ ایسا ہی گانا گایا ہے جو تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
’وی دی گلیڈی ایٹرز‘ کے نام سے مشہور ہونے والے اس نئے گانے میں براوو نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چند کھلاڑیوں سمیت ٹیم کے مالک کا بھی ذکر کیا ہے۔
گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اس گانے کے آنے کے بعد پی ایس ایل کے فائنل میں تو پہنچ گئی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ ویسٹ انڈیز کی طرح ’چیمپیئن‘ بھی بن پائے گی یا نہیں۔