'سرفراز دھوکہ نہیں دے گا' کے سرفراز نہیں رہے

بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے واقعے پر ان کے ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے غم اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی عمر 34 برس تھی (فائل تصویر: اے ایف پی)

اتوار کو بالی وڈ کے اداکاروں اور مداحوں کو اس افسوس ناک خبر نے ہلا کر رکھ دیا جب بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر دی گئی کہ 34 سالہ نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت اس دنیا میں نہیں رہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے ان کی موت کو خودکشی کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کی لاش ممبئی کے علاقے باندرہ میں موجود ان کے گھر میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ اخبار کے مطابق پولیس اس کیس کی تفتیش خود کشی کے ممکنہ واقعے کے طور پر کر رہی ہے۔ 

سوشانت سنگھ نے 2009 میں ٹیلی کاسٹ ہونے والے ٹی وی شو 'پوترا رشتہ' سے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد ان کا دوسرا پروجیکٹ 'کس دیش میں ہے میرا دل' تھا۔

وہ ٹی وی کے علاوہ کئی سپرہٹ فلموں کا بھی حصہ رہے جن میں مشہور ترین فلم 'پی کے' تھی، جس میں انہوں نے سرفراز کا کردار ادا کیا تھا اور اسی حوالے سے اس فلم کا ایک جملہ 'سرفراز دھوکہ نہیں دے گا' بھی زبان زد عام ہوا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے علاوہ ان کی مشہور فلموں میں 'شدھ دیشی رومانس'، 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری' شامل ہیں۔ دھونی کی سوانح حیات پر مبنی اس فلم میں انہوں نے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کردار ادا کیا تھا۔ 2019 میں آنے والی ان کی فلم 'چھچھورے' میں انہوں نے ایک ایسے والد کا کردار ادا کیا تھا، جس کا بیٹا تعلیمی مشکلات کے باعث خودکشی کی کوشش کرتا ہے اور وہ اپنے بیٹے کی زندگی کو بچانے کے لیے تمام کوششیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

سوشانت سنگھ کے خاندان کا تعلق بھارت کے صوبہ بہار سے تھا اور وہ پٹنہ شہر میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے دہلی سکول آف انجینیئرنگ میں داخلہ لیا لیکن اداکاری کے شوق کے پیش نظر انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد تمام تر توجہ اپنے شوق پر مرکوز کر دی۔ وہ قومی سطح پر فزکس کا انعام بھی جیت چکے تھے۔

سوشانت سنگھ کی موت کی خبر آتے ہی ان کے ساتھی بالی وڈ اداکاروں اور بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے فینز کی جانب سے اس خبر پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

بالی وڈ اداکار اکشے کمار، ابھیشیک بچن، سنجے دت، انوپم کھیر، سونو سود، بپاشا باسو اور رتیش دیش مکھ سمیت کئی اداکاروں نے ان کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹویٹس کی ہیں، جس میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی گئی۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم