اوبر نے کریم کو خرید لیا

امریکی کار سروس کمپنی اوبر نے اپنی مشرق وسطی کی حریف کمپنی کریم کو تین ارب ڈالرز سے زائد میں خرید لیا ہے۔

تصویر: کریم ڈاٹ کام

امریکی کار سروس کمپنی اوبر نے اپنی مشرق وسطی کی حریف کمپنی کریم کو 3.1 بلین ڈالرز میں خرید لیا ہے۔

دونوں کمپنیوں کریم اور اوبر نے اس معاہدے کے بارے میں منگل کو اعلان کیا۔

ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ’کریم اور اوبر اب ایک ہو رہے ہیں۔ ہمارے درمیان معاہدے ہو گیا ہے جس کے مطابق اوبر نے کریم کو 3.1 بلین امریکی ڈالرز میں حاصل کر لیا ہے۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کریم اب مکمل طور پر اوبر کی ملکیت ہے لیکن موبائل ایپ سے چلنے والی ٹرانسپورٹ اور ڈیلیوری کمپنیاں انفرادی طور پر کام کرتی رہیں گی۔

بیان میں اس معاہدے کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ اوبر 1.4 بلین ڈالر پیسوں کی صورت میں جبکہ باقی 1.7 بلین ڈالر کنورٹ ایبل نوٹس کی صورت میں ادا کرے گا۔

اس طرح ’مشرق وسطی میں یعنی پاکستان سے مراکش تک جن میں بڑی مارکٹس مثلا مصر، اردن، پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں میں کریم کی ڈیلیوری، نقل و حرکت کی سہولیات اور ادائیگیوں کے کاروبار کی ملکیت اوبر کے پاس ہوگی۔‘

کریم دبئی کی کمپنی ہے جو 2012 میں بنائی گئی تھی اور اس وقت مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے 120 شہروں میں اس کے دس لاکھ ڈرائیور اور تین کروڑ صارفین ہیں۔

دوسری جانب اوبر 2010 میں بنائی گئی تھی۔          

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ