بھارت: جرائم پیشہ گینگ سے مڈ بھیڑ میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک

اترپردیش کے شہر کانپور میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایک چھاپے کے دوران فائرنگ سے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ، تین سب انسپکٹر اور چار کانسٹیبل ہلاک ہو گئے۔

جرائم پیشہ افراد سے فائرنگ کے تبادلے میں وکاس دوبے گینگ کے دو کارندے بھی ہلاک ہوئے: پولیس (اے ایف پی)

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایک چھاپے کے دوران فائرنگ سے آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس بھی شامل ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے 60 سے زائد مقدمات میں ملوث ملزم وکاس دوبے کی گرفتاری کے لیے دکرو کے علاقے میں چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق یہ چھاپہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات میں مارا گیا۔

حکام کے مطابق پولیس اہلکار جیسے ہی جرائم پیشہ افراد کے خفیہ ٹھکانے کے قریب پہنچے ان پر چھت سے گولیاں برسنے لگیں جس میں ڈپٹی سپریٹنڈنٹ ایس پی دیوندرا مشرا، تین سب انسپکٹر اور چار کانسٹیبل ہلاک ہو گئے۔

اترپردیش پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ایچ سی اوستھی کے مطابق عین ممکن ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو پولیس کارروائی سے متعلق مخبری کی گئی ہو۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اوستھی کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے اپنے خفیہ ٹھکانے کی جانب جانے والے راستے کو رکاوٹیں لگا کر بند کیا ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام اس مقام پر پہنچ گئے اور فرانزک ٹیم نے تحقیقات شروع کر دی جبکہ اس ٹیم کی معاونت کے لیے لکھنو سے ایک اور ٹیم بھی بھیجی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق جرائم پیشہ افراد سے فائرنگ کے تبادلے میں وکاس دوبے گینگ کے دو کارندے بھی ہلاک ہوئے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ نے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام کو سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ مانگ لی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا