چین میں بیوبونک طاعون ابھی ہائی رسک نہیں ہے: عالمی ادارہ صحت

بیوبونک طاعون کا سبب 'یرسینیا پسٹس' نامی ایک بیکٹریا ہوتا ہے جو متاثرہ چوہوں سے پسوؤں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔

بوبونک طاعون کو'سیاہ موت کے نام سے بھی جانا جاتا ہے(اے ایف پی)

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق چین میں بیوبونک طاعون کی وبا اس وقت ہائی رسک خطرہ نہیں سمجھی جا رہی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ترجمان نے کہا کہ اس بیماری سے متعلق معاملات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے لیکن تاحال اسے ہائی رسک یا شدید خطرہ نہیں کہا جا سکتا۔

یاد رہے کہ دسمبر میں چین کے شہر ووہان میں کرونا (کورونا) وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد بھی عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے اسے بڑا خطرہ قرار نہ دیتے ہوئے اس پر جلد قابو پا لینے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

چین کے شمالی اندرونی علاقے منگولیا میں بیوبونک یا گلٹی دار طاعون کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ بیانور شہر میں طاعون کا شکار ہونے والا ایک چرواہا ہے جسے قرنطینہ (آئسولیشن) میں رکھا گیا ہے۔

اس بیماری کو'سیاہ موت کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طاعون کا مریض سامنے آنے کے بعد مقامی حکام نے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیےہیں۔ بیانور سٹی ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ چرواہے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

چین کے سرکاری خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق 15 سالہ مشتبہ مریض پیر کو سامنے آیا تھا۔ اس لڑکے نے مارموت کھایا تھا جسے ایک کتے نے شکار کیا تھا۔

منگولیا کے صوبہ کھوڈ میں بھی گذشتہ ہفتے طاعون کے دو کیس سامنے آئے تھے۔ اس کیس میں ان دونوں بھائیوں نے بھی مارموت کھایا تھا۔ ان بھائیوں سے رابطے میں آنے والے 146 افراد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

طاعون کا کیس اس وقت سامنے آیا جب دنیا پہلے سے کرونا وائرس کی وبا سے دوچار ہے۔ منگولیا کے ہیلتھ کمیشن نے اس سال کے آخر تک ایسے جانورں کے شکار اور انہیں کھانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جن سے طاعون کا مرض پھیل سکتا ہو۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان جانوروں میں خاص طور پر مارموت نامی جانور شامل ہے جو گلہری سے ملتا جلتا ہے۔ کمیشن نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان جانوروں کو مرض میں مبتلا یا مرا ہوئے پائیں تو اس کی اطلاع دیں۔

بیوبونک طاعون کا سبب'یرسینیا پسٹس'نامی ایک بیکٹریا ہوتا ہے جو متاثرہ چوہوں سے پسوؤں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ طاعون ایک انتہائی متعدی مرض ہے جس کا مریض چین میں کبھی کبھار ہی سامنے آتا ہے۔ یہ مرض قابل علاج ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 2014 سے اب تک اس کے کم از کم پانچ مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت