ایلون مسک، بل گیٹس سمیت متعدد شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن فراڈ سے متعلق ہیکنگ کی بڑی کارروائی کے بعد اس کے صارفین دوبارہ ٹویٹس کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔

ٹیسلا کے بانی ایلون مسک (بائیں)، ارب پتی جیف بیزوس (درمیان) اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس (دائیں) اور دیگر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ہائی جیک کر کیا گیا تھا (تصاویر: اے ایف پی)

بدھ کی شب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے بہت سارے ٹاپ اکاؤنٹس ہیک ہونے اور ہیکرز کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کا مطالبہ کیے جانے کے بعد ٹوئٹر نے کچھ صارفین کی ٹویٹ کرنے، پاس ورڈ کو دوبارہ ترتیب دینے اور دیگر غیر مخصوص اکاؤنٹ فنکشنز کو استعمال کرنے کی صلاحیت محدود کردی تھی۔

تاہم اب ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کی بڑی کارروائی کے بعد اس کے صارفین دوبارہ ٹویٹس کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔

ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کا کہنا ہے کہ ’کمپنی ہیکنگ کی تحقیق کررہی ہے اور ہم اس کے نتائج سے اس وقت آگاہ کریں گے جب ہمیں مزید تفصیل سے پتہ چلے گا کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل، ٹیسلا کے بانی ایلون مسک، ارب پتی جیف بیزوس، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور دیگر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ہائی جیک کر کیا گیا تھا، جس کے بعد ہیک کیے جانے والے اکاؤنٹس کی فہرست میں تیزی سے اضافہ ہوا جس میں امریکی انتخابات میں ممکنہ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، سابق صدر بارک اوباما، بٹ کوائن کی فرمز، اوبر اور بہت ساری اہم شخصیات اور ادارے شامل تھے۔

بٹ کوائن فراڈ

ہیکنگ کے بعد ہائی پروفائل اکاؤنٹس سے لوگوں کو یہ بتایا گیا کہ ان کے پاس بٹ کوائن میں ایک ہزار ڈالر بھیجنے کے لیے 30 منٹ کا وقت ہے تاکہ اس رقم کو دوگنا کرکے لوٹایا جا سکے۔

کریپٹو کرنسی کے شریک بانی کیمرون نے ایک ٹویٹ میں خبردار کیا: ’یہ ایک دھوکہ ہے، اس میں حصہ نہ لیں۔ دوسرے بڑے کریپٹو ٹوئٹر اکاؤنٹس بھی ایسے ہی حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ چوکس رہیں۔‘

کریپٹو کرنسی میں ہونے والی لین دین کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ’بلاک چین ڈاٹ کام‘ نے بتایا کہ اب تک 12.58 بٹ کوائنز جن کی مالیت تقریباً 116،000 ڈالر ہے، کو ان ای میلز پر بھجوا دیا گیا ہے جن کا ذکر ہیک شدہ ٹویٹس میں کیا گیا ہے۔

ایلون مسک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا: ’بدھ کا دن مبارک ہو۔ میں اپنے تمام فالوورز کو بٹ کوائن دوگنا کر کے بھیج رہا ہوں۔ آپ ایک بٹ کوائن بھیجتے ہیں تو میں دو بٹ کوائن بھیجوں گا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’یہ پیش کش صرف 30 منٹ تک جاری ہے۔‘

دوسری مشہور شخصیات کے اکاؤنٹس سے جاری جعلی پیغامات میں فوری دولت کمانے کے ایسے ہی وعدے کیے گئے تھے۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ آٹھ کروڑ سے زیادہ فالوورز رکھنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو ہیک نہیں کیا گیا۔

ہیکنگ کے فوری بعد ٹوئٹر نے ایک بیان میں کہا: ’ہم سکیورٹی کے چیلنج سے واقف ہیں جو ٹوئٹر اکاؤنٹس پر اثرانداز ہو رہا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کمپنی کی ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’ہم تحقیقات کر رہے ہیں اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ہم جلد ہی سب کو اپ ڈیٹ کریں گے۔‘

ہیکنگ کے بعد ٹوئٹر نے ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے ٹویٹ کرنے کی صلاحیت کو غیر فعال کردیا تھا۔

ٹوئٹر کی سپورٹ ٹیم نے ایک پوسٹ میں کہا: ’جب ہم اس واقعے کا جائزہ اور اس کو حل کر رہیں ہوں گے تو آپ ٹویٹ کرنے یا اپنے پاس ورڈ کو دوبارہ ترتیب دینے سے قاصر ہوسکتے ہیں۔‘

جو بائیڈن کی ٹیم نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹوئٹر نے ہیک اکاؤنٹ کو جلدی سے بلاک کردیا اور بوگس ٹویٹ کو ہٹا دیا۔

تاہم اب یہ اعلیٰ ترین شخصیات اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے دوبارہ ٹویٹس بھیجنے کے قابل ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

ٹوئٹر ہیکنگ کا یہ پہلا بڑا واقعہ نہیں ہے۔ گذشتہ سال اگست میں ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی کے ذاتی اکاؤنٹ پر توہین آمیز اور نسل پرستانہ پیغامات کا ایک سلسلہ ان کی معلومات کے بغیر شائع کیا گیا تھا۔

اہم ترین شخصیات اور کمپنیوں کے اکاؤنٹس ہیک ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’ٹوئٹر ہیکڈ‘ اور ’ہیکڈ‘ جیسے ٹرینڈز سامنے آئے ہیں اور صارفین میمز کے ذریعے اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔

لوٹی نامی ایک صارف نے ٹویٹ میں لکھا: ’میں تو سونے جا رہا ہوں، میرے محض دو فالورز ہیں مجھے ہیک ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔‘

چمڈی کے ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا: ’ذرا تصور کریں کہ اگر ہیکرز نے گلوکارہ ریحانہ کا اکاؤنٹ ہیک کر ہوتا تو وہ کتنا پیسہ کما سکتے تھے۔ انھیں بس اتنا کہنا تھا آپ نقد رقم بھیجیں اور میں ایک نیا البم جاری کردوں گی۔‘

ڈینیئل نامی صارف نے بھی ان ویریفائیڈ اکاؤنٹ کے فوائد بتائے۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی