یوکرینی طیارے کا بلیک باکس فرانس بھجوا دیا ہے: ایران

یوکرین اور کینیڈا کے دیرینہ مطالبات پر ایران کی جانب سے تاخیر کی ذمہ داری ایران میں طیارے کے بلیک باکسز کی ڈی کوڈنگ کی سہولت کے نہ ہونے اور کرونا کے باعث بین الااقوامی پروازوں میں آنے والے خلل پر ڈالی جاتی رہی ہے۔

(اے ایف پی)

ایران نے اپنی افواج کی جانب سے جنوری میں غلطی سے گرائے جانے والے یوکرینی مسافر طیارے کا بلیک باکس فرانس بھجوا دیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے ہفتے کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنوری میں غلطی سے گرائے جانے والے طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیج دیا گیا ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے بین الااقوامی اور قانونی امور محسن بہاروند کے اخبار اعتماد میں شائع ہونے والے بیان کے مطابق 'ایوی ایشن کے ادارے اور ایک جج کی جانب سے بلیک باکسز کل پیرس بھیج دیے گئے ہیں جہاں سوموار سے ان پر تحقیق شروع کر دی جائے گی۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'فرانسیسی حکومت کی جانب سے ایرانی وفد کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔'

جنوری کی آٹھ تاریخ کو تہران کے ہوائی اڈے سے پرواز کرنے والا یہ طیارہ چند ہی منٹ بعد دو میزائلوں کا نشانہ بن گیا تھا۔ ایرانی حکومت نے کچھ دن کی ابتدائی تحقیق کے بعد یہ قبول کر لیا تھا کہ یہ طیارہ ایرانی افواج کی غلطی کے باعث نشانہ بنا ہے۔ طیارے میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

ایران کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں طیارہ حادثے کا ذمہ دار ریڈار سسٹم کے نقص اور انسانی غلطی کو قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران کا کہنا تھا کہ ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم چند گھنٹے قبل عراق میں موجود امریکی فوجیوں پر کیے جانے والے ایرانی میزائل حملوں کے بعد متوقع امریکی حملے کی وجہ سے ہائی الرٹ پہ تھا۔

ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں پر یہ حملے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر بغداد ائیرپورٹ کے قریب کیے جانے والے ڈرون حملے کے جواب میں کیے گئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بلیک باکس میں طیارے کے میزائلوں کا نشانہ بننے سے پہلے کی اہم معلومات موجود ہو سکتی ہیں۔

طیارے میں موجود کینیڈین شہریوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر کینیڈا نے بھی ایران سے بلیک باکس بھجوانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ اس کا تجزیہ کیا جا سکے۔ کینیڈا کے علاوہ یوکرین بھی یہ مطالبہ کر چکا ہے۔

ایران کی جانب سے تاخیر کی ذمہ داری ایران میں طیارے کے بلیک باکسز کی ڈی کوڈنگ کی سہولت کے نہ ہونے اور کرونا کے باعث بین الااقوامی پروازوں میں آنے والے خلل پر ڈالی جا رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا