سعودی فوجی قیادت سے پاکستان آرمی چیف کی ملاقات

جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ اس موقعے پر برادر ممالک کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر عسکری اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(سعودی وزارت دفاع)

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پیر کو سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی فوجی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیئرمین آف دی جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے ان کا استقبال کیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے دورے میں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ساتھ ہیں۔

سعودی عرب کے خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ اس موقعے پر برادر ممالک کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر عسکری اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سعودی افواج کے سرابرہ جنرل فیاض بن حامد الرویلی ، مشیر وزیر دفاع میجر جنرل انجینیئر طلال بن عبداللہ العتیبی اور نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔

شہرادہ خالد بن سلمان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'میں نے آج اپنے برادر پاکستانی آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے ملاقات کی۔ ہم نے سعودی اور پاکستان کےدوطرفہ تعلقات، عسکری تعاون اورعلاقائی امن کے تحفظ کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ تصور پر بات چیت کی۔'

بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس سے پہلے پیرکو سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی افواج کے چیفس آف سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے  وفد نےملاقات کی تھی۔

سعودی عرب کی وزارت دفاع  نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ 'جنرل الرویلی نے پاکستان کے آرمی چیف کا ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خیر مقدم کیا ہے۔'

دوسری جانب عرب نیوز کے مطابق پیر کو چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سیدالمالکی سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر چیئرمین سینٹ نے پاکستان کی جانب سے سعودی کی مکمل حمائت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب میں حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔

چیئرمین سینٹ آفس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پارلیمنٹ خاص طور پر ایوان بالا اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق چیئرمین سینٹ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرکی ملاقات میں دوسرے دوطرفہ اور علاقائی مسائل بھی زیر غور آئے۔ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب بین الاقوامی معاملات اور مسائل پر مشاورت کے ساتھ کام کریں گے۔

بیان کے مطابق صادق سنجرانی نے کہا: 'پاکستان مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی عرب کی حمائت کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب اس جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

پاکستان اور سعودی عرب طویل عرصے سے اتحادی ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کے لیے غیرملکی ترسیلات زر کے بڑے ماخذوں میں شامل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان