آئی پی ایل: بٹلر، ایشون ’منکڈ‘ رن آؤٹ تنازع ختم

انگلینڈ کے بلے باز بٹلر نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارتی سپنر ایشون کے ساتھ آئی پی ایل میں ایک میچ کے دوران رن آؤٹ کے تنازعے کو ختم کر رہے ہیں۔

انگلینڈ کے بلے باز بٹلر متنازع رن آؤٹ ہونے کے بعد  پویلین کی جانب واپس لوٹتے ہوئے۔تصویر: اے ایف پی

انگلینڈ کے بلے باز جوز بٹلر نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارتی سپنر روی چندرن ایشون کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ایک میچ کے دوران ’منکڈ‘ رن آؤٹ کے تنازعے کا معاملہ ختم کر رہے ہیں۔

راجستھان رائلز کے ایشون نے کنگز الیون پنجاب کے کپتان بٹلر کو نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کرنے کے بعد تلخ جملوں کا تبادلہ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بین الاقوامی سطح پر کھیل کی اصل روح کے بارے میں بحث شروع ہو گئی تھی۔

بٹلر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اس واقعے کے ری پلے دیکھے ہیں اور انہیں یقین تھا کہ انہیں رن آؤٹ نہیں دیا جائے گا ’لیکن یہ سب کچھ ہوا اور اب میں آگے نکل چکا ہوں۔‘

منکڈ رن آؤٹ اُس رن آؤٹ کو کہتے ہیں جس میں بولر نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے کھلاڑی کو گیند کرانے سے قبل آؤٹ کر دیتا ہے۔ یہ نام اسے 70 سال قبل اُس وقت دیا گیا تھا جب انڈین آل راؤنڈر وینو منکڈ نے 1947 میں آسٹریلوی بلے باز بل براؤن کو بھارت کے دورہ آسٹریلیا کے دوران دو بار اس طرح آؤٹ کیا تھا۔

اس طرح آؤٹ کرنا اگرچہ قانونی ہے لیکن کئی لوگوں کے نزدیک یہ کھیل کی روح کے منافی ہے اور بلے باز کو پہلے تنبیہہ ضرور کرنی چاہیے۔

بٹلر نے کہا کہ انہوں نے 25 مارچ کے اس واقعے کے بعد ایشون سے بات کی تھی۔ ’میں نے ان سے صرف اتنا پوچھا کہ کیا وہ کھیل اس طرح کھیلنا چاہتے ہیں؟ کیا ان کے خیال میں یہ اقدام درست تھا؟ ایشون اپنے اس عمل پر پشیمان نہیں ہیں۔‘

بٹلر کو سری لنکا کے سچیتھرا سیننائک نے اسی طرح 2014 میں بھی آؤٹ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو اب یقینی بنائیں گے کہ وہ اس طرح دوبارہ آؤٹ نہ ہوں۔

بٹلر راجستھان کے لیے اچھی فارم دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے پانچ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 176 رنز سکور کیے ہیں، جن میں دو نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ دنیا کے اس سب سے بڑے مقابلے میں آکر کھیلنا اچھا تجربہ ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل