’وہ خدا کے بچے ہیں‘: پوپ نے ہم جنس سول یونین کی حمایت کردی

روم فلم فیسٹول میں پیش کی جانے والی ایک ڈاکومینٹری میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ہم جنس افراد بھی ’خدا کے بچے ہیں اور کسی کو انہیں تکلیف میں یا گھر سے نہیں نکالنا چاہیے۔‘

بیونس آئرس کے آرک بشپ کے طور پر فرانسس نے ہم جنس جوڑوں کی سول یونین کو ہم جنس شادیوں کے متبادل کے طور پر قبول کیا تھا (فائل تصویر: اے ایف پی)

مسیحی برادری کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے پہلی بار عوامی طور پر ہم جنس سول یونین کو قبول کر لیا۔

ایک فیچر ڈاکومینٹری کی ریکارڈنگ کے دوران پوپ کا انٹرویو کیا گیا تھا۔ اس ڈاکومینٹری کی نمائش بدھ کو روم فلم فیسٹول کے دوران کی گئی۔

بیونس آئرس کے آرک بشپ کے طور پر فرانسس نے ہم جنس جوڑوں کی سول یونین کو ہم جنس شادیوں کے متبادل کے طور پر قبول کیا تھا لیکن بطور پوپ انہوں نے اس سے قبل ہم جنس سول یونین کے حق میں بات نہیں کی تھی۔

فلم ’فرانسسکو‘ کے دروان دیے جانے والے انٹرویو میں پونٹف کا کہنا تھا: ’ہم جنس پرست افراد کو بھی خاندان رکھنے کا حق ہے۔ وہ خدا کے بچے ہیں۔ اس وجہ سے کسی کو انہیں تکلیف میں یا گھر سے نہیں نکالنا چاہیے۔ ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ سول یونین کا قانون ہے جو اس کو قانونی تحفظ فراہم کرے گا۔‘

کیتھولک چرچ کی تعلیمات کے مطابق ہم جنس پرست افراد کے ساتھ باعزت سلوک کرنا چاہیے لیکن ہم جسن پرستی پر مبنی افعال ’اندرونی بیماری‘ ہیں۔

2003 میں ویٹی کن کے ڈاکٹرائن آفس کی دستاویز میں کہا گیا کہ ’چرچ کی ہم جنس پرست افراد کی عزت کرنے کو کسی بھی صورت ہم جنس پرستی کی قبولیت یا ہم جنس پرست شادیوں کو قبول کرنا نہ سمجھا جائے۔‘

اس دستاویز پر اس وقت اس دفتر کے سربراہ کارڈینل جوزف ریٹزنگز اور مستقبل کے پوپ بینی ڈکٹ سولہ اور پوپ فرانسس کے پیشرو نے دستخط کیے تھے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس جو خود بھی ایک معتقد کیتھولک ہیں، نے پوپ کے بیان کو ’ایک مثبت قدم‘ قرار دیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈجارک کا کہنا ہے: ’سیکرٹری جنرل نے ایل جی بی ٹی کیو افراد کے حقوق اور ہم جنس پرستی مخالف جذبات کے خلاف بہت موثر انداز میں بات کی ہے کہ لوگوں کو ان کے پیار کی ترجیحات کی بنیاد پر ظلم یا تعصب کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

چلی میں مذہبی پیشواؤں کے ہاتھوں جنسی بدسلوکی کا نشانہ بننے والے وان کارلوس کروز بھی ’فرانسسکو‘ کا حصہ ہیں۔ پوپ نے ان سے مئی 2018 میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہم جنس پرستی سے متعلق اپنی قبولیت کا واضح اظہار کیا تھا۔ 

اطلاعات کے مطابق پوپ نے کروز سے کہا تھا: ’وان کارلوس اب ہم جنس پرست ہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ خدا نے آپ کو ایسا بنایا ہے اور وہ آپ سے ایسے ہی محبت کرتا ہے اور مجھے اس بات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ پوپ بھی آپ سے اسی طرح محبت کرتے ہیں۔ آپ کو بھی اپنی ذات سے ایسے ہی خوش ہونا ہوگا۔‘

ڈاکومینٹری میں پوپ نے ماحولیات، غربت، مائیگریشن، آمدنی اور نسلی شعبوں میں عدم مساوات پر بھی بات کی ہے۔


اس رپورٹ میں نیوز ایجنسیز کی معاونت شامل ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا