عراق: دوسری شادی کے لیے قرضہ دینے والے بینک پر خواتین برہم

الرشید بینک کا کہنا ہے کہ قرض حاصل کرنے والوں کو ایک کروڑ عراقی دینار یعنی 8389 امریکی ڈالرز کا قرض دیا جائے گا۔ ایسے افراد کے لیے پہلے قرض نہ لینے اور دو سالہ ملازمت کی شرط رکھی گئی ہے۔ 

بینک نے اپنے رد عمل میں اس بات کو مسترد کیا کہ ہے یہ پیش کش دوسری شادی کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہے (پکسابے)

عراق کے ایک سرکاری بینک کو اس وقت خواتین کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وہ دوسری شادی کے خواہش مند افراد کو قرض دے گا۔

الرشید بینک کا کہنا ہے کہ قرض حاصل کرنے والوں کو ایک کروڑ عراقی دینار یعنی 8389 امریکی ڈالرز کا قرض دیا جائے گا۔ ایسے افراد کے لیے پہلے قرض نہ لینے اور دو سالہ ملازمت کی شرط رکھی گئی ہے۔ 

عراقی میڈیا کے مطابق بینک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ان سرکاری ملازمین کو شادی کے لیے قرض دیا جائے گا جو دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ ان افراد کو ملے گا جو نہ خود اور نہ ان کی اہلیہ اس قرض سے پہلے فائدہ اٹھا چکی ہوں۔‘

اس پیش کش پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ عراقی وزیر اعظم کی امور خواتین پر مشیر حنان الفتلاوی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ شرمناک ہے کہ ایک سرکاری بینک سے ایسی پیش کش کی گئی ہے۔ ہم نمائش کے لیے یا بیچنے کے لیے پیش کی جانے والی کوئی شے نہیں ہیں۔‘

گلف نیوز کے مطابق عراقی قانون ساز رزن الشیخ نے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس متنازعہ قرض سکیم کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے اس فیصلے کو ’سرکاری پیچیدگی‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے فیصلہ واپس نہ لیے جانے کی صورت میں احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت اور بینکوں کو خواتین کو ملازمت دینے کے حوالے سے کام کرنا چاہیے اور انہیں کامیاب کرنے کے لیے چھوٹے قرضے اور منصوبوں کی پیش کش کرنی چاہیے نہ کہ انہیں خرید و فروخت کی شے کے طور پر تبدیل کرنے کے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بینک نے اپنے رد عمل میں اس بات کو مسترد کیا کہ ہے یہ پیش کش دوسری شادی کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہے۔

بینک کا کہنا ہے کہ ’یہ پیش کش طلاق یافتہ یا ان افراد کے لیے ہے جن کے شریک حیات اس دنیا میں نہیں رہے۔ بطور بینک ہمارے پاس کوئی قانونی اختیار نہیں کہ ہم دوسری شادی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کر سکیں۔ یہ قرض خواتین اور مرد دونوں کو دستیاب ہے اور ان کے لیے ہے جو مالی مسائل کے باعث دوبارہ شادی نہیں کر سکتے۔‘

عراق میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث معاشی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹنس