ٹرمپ کی الہان عمر پر الزامات کی بوچھاڑ

امریکی صدر نے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس الہان عمر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پارٹی پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔

اے ایف پی فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف ڈیموکریٹک پارٹی کی رکنِ کانگریس الہان عمر پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر امریکہ سے نفرت پر مبنی بیانات دینے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ اپنی پارٹی پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا: ’اس سے پہلے کہ نینسی پیلوسی (کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ) اپنی رہنما الہان عمر کے دفاع کا فیصلہ کریں، انہیں الہان کے یہود مخالف، اسرائیل مخالف اور امریکہ سے نفرت پر مبنی بیانات کا جائزہ لینا چاہیے۔ وہ قابو سے باہر ہو گئی ہیں، البتہ نینسی ضرور ان کے قابو میں ہیں‘۔

ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے نینسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک کچھ بھی نہیں کیا اور خدشہ ہے کہ الہان عمر نے ڈیموکریٹک کانگریس کو قابو کرلیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی یہ ٹویٹ ان کے اور کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے۔ اس سے قبل صدر ایک ویڈیو پوسٹ میں الہان عمر کو نائن الیون کے حملوں کے ساتھ جوڑ چکےہیں۔

الہان عمر کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے انہیں موت کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جن میں سے بعض میں صدر کا ذکر بھی ہوتا ہے۔

صدر کی ٹویٹ میں الہان عمر کے اس بیان کا حوالہ تھا جو انہوں نے کونسل فار امیریکن اسلامک ریلیشنز (کیئر) کے ایک جلسے میں تقریر کرتے ہوئے دیا تھا۔ اس میں انہوں نے کہا تھا:

’کیئر نائن الیون کے بعد اس لیے قائم کیا گیا کہ بعض لوگوں نے ایک کام کیا لیکن اس کے بدلے میں ہم سب کے شہری حقوق سلب کر لیے گئے۔‘

انہوں نے مزید کہا تھا ’اگر کوئی مجھے عجیب سی نظروں سے دیکھتا ہے تو میں اس کے پاس جاؤں گی اور اس سے پوچھوں گی کہ وہ مجھے ایسے کیوں دیکھ رہا ہے، کیوں کہ یہ میرا حق ہے‘۔

یہ بیان امریکی میڈیا نے اچھالا اور اسے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جلتی تصویروں کے ساتھ شائع کیا۔

ٹرمپ نے اس کے چند گھنٹوں بعد ایک ویڈیو ٹویٹ کی جس میں الہان عمر کو کیئر کے جلسے میں تقریر کرتے ہوئے دکھایا گیا جس کے ساتھ ساتھ جلتی ہوئی عمارتیں بھی نظر آ رہی ہیں۔

الہان عمر نے یہ تقریر نیوزی لینڈ کی دو مسجدوں میں حملوں سے درجنوں مسلمان قتل ہونے کے بعد کی تھی۔
 

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ