16 نومبر کو گلگت بلتستان کی دستور ساز اسمبلی انتخابات کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات لانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت الیکٹرونک ووٹنگ متعارف کروائی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ الیکشن بالخصوص پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور سینیٹ کے انتخابات ایسے ہوں کہ جو بھی ہارے وہ اپنی ہار تسلیم کرے، جس کے لیے حکومت نے انتخابی اصلاحات کی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انتخابی اصلاحات میں الیکٹرونک ووٹنگ کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے اب الیکٹرونک ووٹنگ کا نظام لایا جائے گا جو کہ بہترین الیکشن کروانے کا نظام ہو گا۔'
وزیراعظم نے غیر ملکی پاکستانیوں کو انتخابات میں شریک کرنے کے لیے نظام متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے آئینی ترمیم کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت سینیٹ انتخابات میں ہاتھ اٹھا کر رائے شماری کروانے کے لیے قانون لایا جائے گا۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ انہیں صوبائی سٹیٹس دلوائیں گے۔