سیاہ فام پکارنے پر پیرس اور استنبول کی فٹبال ٹیموں کا واک آؤٹ

پیرس سینٹ جرمین اور استنبول بشک شہر کے کھلاڑی اس وقت یوئیفا چیمپیئنز لیگ کا میچ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جب ایک میچ آفیشل نے ترک کلب کے کوچنگ رکن کو نسل پرستانہ لفظ کہا۔

فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) اور استنبول بشک شہر کے کھلاڑی منگل کو اس وقت چیمپیئنز لیگ کے میچ کے پہلے ہاف میں میدان سے چلے گئے جب ایک میچ آفیشل نے مبینہ طور پر ترک کلب کے کوچنگ عملے کے ایک رکن کو نسل پرستی پر مبنی لفظ کہا۔

رومینیا سے تعلق رکھنے والے چوتھے میچ آفیشل سبیسچئن کولٹسکو میدان میں موجود ریفری کو ان کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے والے ترک کلب کے اسسٹنٹ اور کیمرون کے سابق سٹرائیکر پیئر ویبو کی نشاندہی کر رہے تھے، جب انہوں نے مبینہ طور پر نسل پرستانہ لفظ ادا کیا۔ انہوں نے کہا: ’وہ سیاہ شخص وہاں ہے، جائیں اور چیک کریں کہ وہ کون ہے، وہ سیاہ فام، جو اس طرف ہے، ان کا رویہ ناقابل قبول ہے۔‘

اس پر ویبو نے غصے سے چیختے ہوئے کولٹیسکو کو کہا: ’آپ نے مجھے نیگرو کیوں بلایا۔‘ اس کے بعد کھیل روک دیا گیا کیونکہ پارک ڈیس پرنسز میں ٹچ لائن پر بحث جنم لے چکی تھی۔ ترک کلب کے متبادل فارورڈ کھلاڑی ڈمبا با کو کولٹسکو کو کہتے سنا گیا: ’آپ نے کبھی ایسا نہیں کہا، ’وہ سفید شخص‘۔ آپ انہیں ’یہ شخص‘ کہتے ہیں تو پھر ایسا کیوں کہ ایک سیاہ فام شخص کو ’وہ سیاہ شخص‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں؟‘

ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ایس جی کے دفاعی کھلاڑی ریسنل کمپمبے نے کہا: ’کیا وہ سنجیدہ ہیں؟ ہم میدان سے باہر جا رہے ہیں۔ بس بہت ہو گئی، ہم ڈریسنگ روم میں جا رہے ہیں۔‘ جس کے بعد ترک کھلاڑی میدان سے جانے لگے اور حریف ٹیم بھی باہر چلی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب کلب استنبول بشک شہر نے ٹویٹ کیا: ’ہمارے اسسٹنٹ کوچ پیئر ویبو کو میچ کے چوتھے آفیشل ریفری کے ’نسل پرستانہ‘ لفظ کے بعد باہر بھیج دیا گیا۔ میچ فی الحال روک دیا گیا ہے۔‘

بعد ازاں رپورٹس میں بتایا گیا کہ با اور پی ایس جی کے کپتان مارکونھوس کھلاڑیوں کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر دوبارہ میدان میں واپس آنے پر راضی ہوئے، تاہم ترک کلب کے کچھ  لوگ کھیل جاری رکھنے پر خوش نظر نہیں آئے جس کے بعد میچ بدھ تک معطل کر دیا گیا۔

اب یہ میچ بدھ کو کھیل کے چودہویں منٹ سے ہی شروع ہوگا، جب یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ یوئیفا کا کہنا ہے کہ ’پیرس جرمین ایف سی اور استنبول بشک شہر کے درمیان یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد یوئیفا نے دونوں کلبز سے بات چیت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ غیر معمولی بنیادوں پر کھیل کا بقیہ حصہ نئے میچ آفیشلز کے ساتھ کل کھیلا جائے گا جبکہ واقعے کی جامع تحقیقات کا آغاز جلد ہی ہوگا۔‘

ترک صدر نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یوئیفا ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ ’ہم غیر مشروط طور پر کھیل اور زندگی کے تمام شعبوں میں نسل پرستی اور امتیاز کے خلاف ہیں۔‘ بشک شہر نے بھی ٹوئٹر میں یوئیفا کا ’نسل پرستی سے انکار‘ پر مبنی بینر پوسٹ کیا جسے پی ایس جی کلب نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ری ٹویٹ کیا۔


روئٹرز کی اضافی رپورٹنگ کے ساتھ۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال