پی ڈی ایم نے استعفے دیے تو کام تمام: مریم نواز شریف

بہاولپور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں اس طرح کی کرپٹ اور نااہل حکومت نہیں آئی۔

(اے ایف پی فائل)

بہاولپور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا لیکن آج اسٹیبلشمنٹ، سلیکٹرز اور سلیکٹڈ بھی دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب کے عوام کھڑے ہوگئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بہاول پور کے لوگوں نے نواز شریف کی محبت کا جواب پہلے سے بھی بڑھ کردیا ہے اور میں نے انہیں ویڈیو کال پر ہجوم دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا ہے اس جعلی حکومت کی مہنگائی سے پسے ہوئے عوام کے لیے لڑیں گے، بہاول پور نے فیصلہ سنا دیا ہے اور اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جس دن پی ڈی ایم نے استعفے دے دیے اس دن اس حکومت کا کام تمام ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 25 فیصد بڑھا دیں اور ہمیں احساس ہے کہ لوگوں کا مہنگائی میں جینا مشکل ہوا ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ اس جعلی حکومت کو جلد از جلد گھر بھیجیں اور یہ وزیراعظم ڈھائی سال بعد کہتا ہے کہ میری تیاری نہیں تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مریم نواز کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ اسلام آباد میں 22 سالہ لڑکے کو پولیس نے سامنے سے گولیاں مار کر مار دیا اور وہ تحریک انصاف کا کارکن تھا لیکن وزیراعظم کو اس کے لیے آواز اٹھانے کی توفیق نہیں ہوئی لیکن ہم اس کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کان کنوں کو بے دردی سے مارا گیا لیکن کسی کے کان پر جو نہیں رینگی تو کیا یہ تبدیلی ہے؟

وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بار بار کہتا ہے کہ فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں، تم دو لاکھ تنخواہ لیتے ہو اور 300 کینال کا محل چلاتے ہو اور درجنوں نوکر رکھے ہوئے ہیں، یہ پیسہ تمھارے پاس کہاں سے آتا ہے پھر بھی تم جانتے ہو کہ فوج کہتی ہے کہ میں کرپٹ نہیں ہوں؟

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں اس طرح کی کرپٹ اور نااہل حکومت نہیں آئی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان