’ہمیں صرف بھارت کے ساتھ تعلقات میں مسائل درپیش ہیں‘

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں عام انتخابات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے۔

وزیراعظم عمران خان چین میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی آئی ڈی 

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں عام انتخابات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے۔

یہ بات انھوں نے جمعے کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دوسرے روڈ اینڈ بیلٹ فورم کے دوران کہی۔ جہاں عمران خان کے علاوہ دنیا کے 40 ممالک کے سربراہان اور سو سے زائد ممالک، بین الاقوامی تنظیمیں اور کاروباری شعبے کے وفود شریک ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پاک چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے ظہرانے سے خطاب میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’صرف بھارت کے ساتھ تعلقات میں مسائل درپیش ہیں، لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ بھارتی انتخابات کے بعد ہم بھارت کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے۔ ہم اپنے ہمسائے کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔‘

اس سے قبل عمران خان نے غیرملکی صحافیوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر بھارتی انتخابات میں کانگرس کو کامیابی حاصل ہوئی تو پھر بھارت کے لیے کشمیر پر پیش رفت مشکل ہو جائے گی، جبکہ بی جے پی کی کامیابی کی صورت میں کشمیر پر کسی سمجھوتے پر پہنچا جا سکتا ہے۔‘

 ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی خوش حالی حاصل کرنے کے لیے پاکستان امن اور استحکام قائم کرنے پر کام کر رہا ہے۔ ’معاشی خوش حالی تب تک نہیں ہوسکتی جب تک امن اور استحکام نہ ہو اور میری حکومت اب اسی پر کام کر رہی ہے۔‘

عمران خان نے اپنے ایک اور ہمسایہ ملک افغانستان کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ’پاکستان کی کوشش جاری ہے کہ طالبان کو امریکہ اور افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کی طرف راغِب کرکے افغانستان کا سیاسی حل نکالا جائے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جو کچھ بھی افغانستان میں ہوتا ہے اس کااثر پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھی ہوتا ہے۔ اس لیے ہم افغانستان کے ساتھ امن کی طرف کام کر رہے ہیں۔‘

پاکستان کے پڑوسی ممالک اور ان کے ساتھ تعلقات کے حوالے بات کرنے کے علاوہ عمران خان نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے ثمرات دنیا تک پہنچانے کے لیے پانچ تجاویز بھی پیش کی ہیں۔

ان تجاویز میں آئندہ دو سالوں میں سو بلین درخت، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیوو سیاحتی کوریڈور کا قیام، اینٹی کرپشن کوآپریشن کے دفتر کا قیام، غربت کے خاتمے کے لیے خصوصی فنڈ اور تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول شامل ہیں۔ 

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں جس میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان